• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اٹلی کیلئے پاکستان کی برآمدات میں 49 فیصد اضافہ

شائع August 2, 2021
اٹلی ان یورپی ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا سے سب سے زیادہ تباہی آئی ہے —فائل فوٹو: رائٹرز
اٹلی ان یورپی ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا سے سب سے زیادہ تباہی آئی ہے —فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: اٹلی کے لیے پاکستان کی برآمدات میں سالانہ 49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2020 میں 78 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کے باعث اٹلی کی مارکیٹ شدید متاثر ہے لیکن پاکستانی برآمدات میں معقول اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: مالی سال 2021: پاکستان کی علاقائی برآمدات میں 9 فیصد اضافہ

اٹلی میں پاکستان کے سفیر جوہر سلیم نے کہا کہ تجارتی سرپلس 30 کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 49 فیصد زیادہ ہے۔

خیال رہے کہ اٹلی ان یورپی ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا سے سب سے زیادہ تباہی آئی ہے۔

جنگ عظیم دوم کے بعد سے اطالوی جی ڈی پی 2020 میں سب سے کم یعنی 9.6 فیصد تک ریکارڈ کی گئی جبکہ اٹلی کی غیر یورپی ممالک کے لیے برآمدات میں 14 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مارچ میں ٹیکسٹائل کی برآمد میں 30 فیصد اضافہ

جوہر سلیم نے بتایا کہ مشکل حالات کے باوجود پاکستان وبا سے پیدا ہونے والی مایوس کن صورتحال سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے اور برآمدات کے چیلنجز کا مقابلہ کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویلیو ایڈڈ سیکٹر اس نمو کے اہم محرک ہیں اور تجارتی سرپلس برآمدات میں اضافہ اور درآمدات سکڑنے سے پیدا ہوا ہے۔

جوہر سلیم نے کہا کہ یورپی یونین اور اطالوی منڈیوں میں باسمتی کے خصوصی جغرافیائی اشارے (جی آئی) کے حقوق سے متعلق بھارتی جھوٹے دعوے کے باوجود پاکستان نے 37.4 فیصد شیئرز کے ساتھ چاول کی مارکیٹ میں نمایاں پوزیشن برقرار رکھی جبکہ بھارت نے مجموعی درآمد شدہ چاول کا صرف 12 فیصد اٹلی کو سپلائی کیا۔

مزید پڑھیں: علاقائی برآمدات میں 1.8 فیصد کا معمولی اضافہ

اٹلی میں بڑی تعداد میں پاکستانی موجود ہیں اور مالی سال 2021 میں ترسیلات زر 60 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

مالی سال 20 کے سالانہ اعداد و شمار کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 36 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 39 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہیں۔

اٹلی میں پاکستان کے سفیر جوہر سلیم نے مزید کہا کہ اطالوی کمپنیاں توانائی، فوڈ پروسیسنگ، چمڑے، ٹیکسٹائل اور تعمیرات میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی مشن، پاکستان میں اطالوی سرمایہ کاری کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دے رہا ہے جو ’کاروبار میں ٹیکنالوجی اور مہارت کی منتقلی میں مدد دے گا‘۔

مزید پڑھیں: براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 27 فیصد تک کمی

جوہر سلیم نے کہا کہ سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد اطالوی سرمایہ کاروں کی پاکستان آمد کا سلسلہ بڑھ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 2 سال کے لیے بین الاقوامی ترقیاتی قانون کی تنظیم کا صدر منتخب ہوا ہے جو پاکستان کے لیے آئی ڈی ایل او کی تکنیکی مدد سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ مختلف کمپنیوں پر پاکستان کے اہم کردار کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024