اسلام آباد کے پارک میں افغانستان، طالبان کے پرچموں نے شہریوں کو حیران کردیا
راولپنڈی: سیکیورٹی اداروں کو اس وقت ہائی الرٹ کردیا گیا جب پولیس کو یہ اطلاع ملی کہ چند لوگوں کا ایک گروہ اسلام آباد کے لیک ویو پارک میں افغانستان اور طالبان کے پرچم لہرا رہا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لیک ویو پارک مالپور گاؤں کے نزدیک اور مری روڈ کے ساتھ ہے، جہاں سے اہم سرکاری عمارات بشمول پارلیمنٹ ہاؤس زیادہ دور نہیں اور اس علاقے کا انتظام کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے پاس ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پارک میں شام کے وقت 20 سے 24 نوجوانوں کو یہ دونوں پرچم لہراتے اور تصاویر کھچواتے دیکھا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں افغانستان کا پرچم آویزاں کرنے والا افغان شہری گرفتار
جس کے بعد ایک پولیس پارٹی فوری طور پر اس مقام پر پہنچی اور ان افراد سے پوچھ گچھ کی، البتہ ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
اس سلسلے میں جب ڈان نے اس کیس کی تفتیش کرنے والے پولیس افسر سے رابطہ کیا تو انہوں نے پارک میں 'ایسے افراد' کی موجودگی کی تصدیق کی۔
تاہم انہوں نے اس واقعے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کیا۔
ایک دوسرے افسر کا کہنا تھا کہ چونکہ کسی دوسرے ملک کا پرچم لہرانا جرم نہیں اس لیے پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
مزید پڑھیں: کوہلی کا فین بھارتی پرچم لہرانے پر گرفتار
خیال رہے کہ اگست 2019 میں خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے بورڈ بازار میں بل بورڈ پر افغانستان کا قومی پرچم آویزاں کرنے کے الزام میں ایک افغان شخص کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کے مطابق پرچم آویزاں کرنے کے پسِ پردہ کوئی مذموم مقصد نہیں تھا بلکہ وہ صرف اس کے ساتھ تصویر کھیچنا چاہتا تھا۔
قبل ازیں جنوری 2016 میں پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے ایک گاؤں میں بھارتی پرچم لہرانے کی اطلاع ملنے پر ایک شخص عمر دراز ولد لیاقت علی کے گھر پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
گرفتار شخص کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے بلے باز ویرات کوہلی کا مداح ہے اور اس نے اپنے مکان کی دیواروں پر ان کی تصاویر بھی لگا رکھی ہیں لیکن گرفتاری کے بعد اسے احساس ہوا کہ اس نے بھارت کا پرچم لہرا کر غلطی کی۔