• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

'مودی حکومت نے کرکٹ کو ایک بار پھر اپنی مذموم سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا'

شائع July 31, 2021
فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد کو ایسے اقدامات سے نقصان نہیں فائدہ ہوگا — فائل فوٹو / ڈان نیوز
فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد کو ایسے اقدامات سے نقصان نہیں فائدہ ہوگا — فائل فوٹو / ڈان نیوز

پاکستان نے بھارت کی جانب سے کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو دھمکیوں کے ذریعے شرکت سے روکنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں بھارتی دھمکی پر ردعمل میں کہا کہ 'بھارت کا کرکٹ کو سیاست زدہ کرنے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'نوجوان کشمیری کھلاڑیوں کو کرکٹ کے بڑے ناموں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع دینے سے محروم رکھنا بدقسمتی اور افسوسناک ہے'۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ 'یہ پہلا موقع نہیں ہے جب نریندر مودی کی حکومت نے کرکٹ کو اپنی مذموم سیاست کی بھینٹ چڑھایا ہو'۔

انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ 'ہرشل گبز پر کشمیر پریمیئر لیگ میں حصہ نہ لینے کا دباؤ اس پرانی روش کا تسلسل ہے اور ہم ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کشمیر کی جدوجہد کو ایسے اقدامات سے نقصان نہیں فائدہ ہوگا'۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت پر ہرشل گبز کو دھمکی

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز ہرشل گبز نے الزام عائد کیا ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) انہیں کشمیر پریمیئر لیگ میں 'شرکت سے روکنے' اور پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ہرشل گبز، جو کے پی ایل کی فرنچائز اوورسیز واریئرز کا حصہ ہیں، نے ٹوئٹ میں الزام عائد کرتے ہوئے مزید کہا کہ بی سی سی آئی نے انہیں دھمکی دی ہے کہ اگر انہوں نے کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کی تو انہیں بھارت میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 'بی سی سی آئی، اس معاملے میں غیر ضروری طور پر پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لا رہا ہے اور مجھے کے پی ایل میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش بلاجواز ہے'۔

سابق جنوبی افریقی بلے باز نے مزید کہا کہ 'بی سی سی آئی مجھے دھمکیاں دے رہا ہے کہ وہ مجھے کرکٹ کسی معاملے کے حوالے سے بھارت میں داخل نہیں ہونے دے گا، یہ مضحکہ خیز ہے'۔

مزید پڑھیں: بھارتی دھمکیوں کی وجہ سے غیرملکی کھلاڑی کشمیر پریمیئر لیگ سے دستبردار

گزشتہ روز یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی دھمکیوں کی وجہ سے غیر ملکی کھلاڑی کشمیر پریمیئر لیگ سے دستبردار ہوگئے ہیں، تاہم سابق سری لنکن کپتان تلکارتنے دلشان نے اس کے باوجود لیگ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ کی جانب سے سنگین دھمکیوں کے بعد غیر ملکی کھلاڑی لیگ سے دستبردار ہوئے، حالانکہ اس سے قبل انہوں نے غیر مشروط طور پر لیگ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کشمیر پریمیئر لیگ کھیلنے کے خواہشمند کرکٹرز کو دھمکی دی کہ لیگ میں شرکت کی صورت میں ان پر انڈین پریمیئر لیگ اور بھارت میں کرکٹ کے دروازے بند ہو جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024