• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارتی دھمکیوں کی وجہ سے غیرملکی کھلاڑی کشمیر پریمیئر لیگ سے دستبردار

شائع July 31, 2021
لیگ 16 سے27 مئی تک آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کھیلی جائے گی— فوٹو: ٹوئٹر
لیگ 16 سے27 مئی تک آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کھیلی جائے گی— فوٹو: ٹوئٹر

بھارتی کرکٹ بورڈ کی دھمکیوں کی وجہ سے غیرملکی کھلاڑی کشمیر پریمیئر لیگ سے دستبردار ہوگئے ہیں البتہ سابق سری لنکن کپتان تلکارتنے دلشان نے اس کے باوجود لیگ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ کی جانب سے سنگین دھمکیوں کے بعد غیرملکی کھلاڑی لیگ سے دستبردار ہو گئے ہیں حالانکہ اس سے قبل انہوں نے غیر مشروط لیگ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: کشمیر پریمیئر لیگ ڈرافٹنگ، شاہد آفریدی راولا کوٹ ہاکس کا حصہ بن گئے

ذرائع نے بتایا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے کشمیر پریمیئر لیگ کھیلنے کے خواہشمند کرکٹرز کو دھمکی دی کہ لیگ میں شرکت کی صورت میں ان پر انڈین پریمیئر لیگ اور بھارت میں کرکٹ کے دروازے بند ہو جائیں گے۔

دوسری جانب بھارتی بورڈ دھمکیوں کے باوجود سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تلکارتنے دلشان نے کشمیر پریمئر لیگ کھیلنے اور مظفرآباد ٹائیگرز کی نمائندگی کا اعلان کیا ہے۔

چیئرمین مظفرآباد ٹائیگرز ارشد خان تنولی نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تلکارتنے دلشان کو ہر ممکن سہولیات اور سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تلکارتنے دلشان سے بات ہوئی ہے، وہ لیگ میں شرکت کے لیے بے تاب ہیں اور ہم ان کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔

انہوں نے سابق سری لنکن کپتان کو پاکستان اور کشمیری عوام کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ باقی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو بھی دلشان کی پیروی کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: راحت فتح علی کی آواز میں کشمیر پریمیئر لیگ کا ترانہ 'آزادی' ریلیز

ادھر کشمیر پریمیئر لیگ کے صدر عارف ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی دستیابی سے متعلق ٹی وی پر خبروں کے ذریعے سےعلم ہوا اور خبر کی تصدیق بھی کروائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تلکارتنے دلشان نے اب بھی کھیلنے میں دلچسپی ظاہرکی ہے جس کی خوشی ہے اور کھلاڑیوں کو بھارتی دھمکیوں کے حوالے سے وزارت خارجہ سے بات کررہے ہیں، کوشش کررہے ہیں کہ غیرملکی کھلاڑی پلان کے مطابق کھیلنے آئیں۔

عارف ملک نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ سے متعلق بھارتی میڈیا پر منفی خبریں چلائی جارہی تھیں، ہم نے پہلے دن سے کہا کہ ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے لیکن شاید لیگ میں شریک 5 کشمیری کھلاڑی ان کے لیے مسئلہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ کشمیری کھلاڑی انٹرنیشنل پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر نہ کریں البتہ ہم کشمیرپریمیئر لیگ کے ذریعے پرامن کشمیر دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں۔

پریمیئر لیگ کے صدر نے کہا کہ لیگ کے میچز شیدول کے مطابق منعقد کرائے جائیں گے اور ہم مزید جوش و جذبے کے ساتھ کشمیر پریمیئر لیگ کا انعقاد کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستانی نامور انٹرنیشنل کرکٹرز کے ساتھ ساتھ غیرملکی کھلاڑیوں نے بھی کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کا اعلان کیا تھا۔

ان غیرملکی کھلاڑیوں میں ہرشل گبز، اویس شاہ، مونٹی پنیسر، تلکارتنے دلشان سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی لیگ میں شرکت کی تصدیق کی تھی جس کے بعد انہیں ڈرافٹ کے عمل میں شامل کیا گیا تھا۔

کشمیرپریمیئر لیگ 16 سے16اگست تک آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کھیلی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024