• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کینسر سے صحت یابی کے بعد نفیسہ علی شوبز میں واپسی کیلئے پُرعزم

شائع July 30, 2021
اداکارہ تقریبا دو سال تک زیر علاج رہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ تقریبا دو سال تک زیر علاج رہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کینسر جیسے موضی مرض سے صحت یاب ہونے کے بعد بولی وڈ کی سینئر اداکارہ 64 سالہ نفیسہ علی شوبز میں واپسی کے لیے پُرعزم ہیں اور جلد ہی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیں گی۔

نفیسہ علی میں نومبر 2018 میں ’اوورین اور پیریٹونیل کینسر‘ کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے بھارت میں ہی علاج کروایا۔

نفیسہ علی نے 28 جولائی کو انسٹاگرام پر فلم اسکرپٹ کے ساتھ سیلفی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جلد ہی ممبئی میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہوجائیں گی۔

انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ وہ کئی سال بعد فلم کا اسکرپٹ پڑھ رہی ہیں اور کئی سال بعد دوبارہ اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔

نفیسہ علی نے بتایا کہ کینسر کے ری مشن (ری مشن ایک طبی اصطلاح ہے، جس کی معنی مرض سے چھٹکارہ حاصل کرنا یا پھر بیماری کی علامات کا ختم ہوجانا ہے) ہو جانے کے بعد وہ کافی عرصے بعد پردے پر دکھائی دیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکارہ نفیسہ علی کینسر کا شکار

نفیسہ علی نے 30 جولائی کو فیس ماسک کے ساتھ اپنی سیلفی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لائٹ اور کیمرے کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

نفیسہ علی نے کینسر سے صحت یاب ہونے سے متعلق ابتدائی طور پر جولائی 2019 میں پوسٹ کی تھی اور لکھا تھا کہ وہ سینئر اداکارہ ہونے کے ناتے بولی وڈ میں اچھی کہانیوں پر مبنی فلموں میں کام کی پیش کش کی منتظر ہیں۔

اسی حوالے سے انڈین ایکسپریس نے بتایا کہ نفیسہ علی ایک سال قبل ہی صحت یاب ہوگئی تھیں اور انہوں نے کینسر کا علاج گووا سے کروایا۔

کینسر کے علاج کے دوران ان میں جلد کی بیماری کی بھی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے اس کا بھی علاج کروایا تھا۔

خیال رہے کہ نفیسہ علی بھارتی ریاست بنگال کے شہر کولکتا میں مسلم گھرانے میں پیدا ہوئیں، زمانہ طالب علمی میں وہ اسپورٹس میں دلچسپی رکھتی تھیں اور انہوں نے سوئمنگ کے نیشنل ایوارڈز بھی حاصل کیے۔

نفیسہ علی 1976 میں مس فیمینا انڈیا منتخب ہوئیں، جس کے بعد انہوں نے مس انٹرنیشنل کے مقابلہ حسن میں بھی حصہ لیا، جس میں وہ دوسری رنر اپ منتخب ہوئیں۔

انہوں نے فلمی کیریئر کا آغاز بنگالی فلموں سے کیا لیکن 1979 میں انہوں نے ہندی فلموں میں بھی کام کا آغاز کیا اور ان کی پہلی فلم ’جنون‘ تھی۔

نفیسہ علی نے امیتابھ بچن اور اجے دیوگن کی فلم میجر صاحب، اکشے کمار کی بے وفا، لائف ان اے میٹرو اور یملا پگلا دیوانہ سمیت دیگر فلموں میں کام کیا۔

نفیسہ علی نے سیاست میں بھی حصہ لیا اور 2004 میں کولکتا سے لوک سبھا کی رکن منتخب ہوئیں، انہوں نے 2009 میں بھی انتخابات میں حصہ لیا لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکیں۔

نفیسہ علی نے بھارتی فوج کے کرنل سے شادی کی، جو پولو کے بہترین کھلاڑی بھی ہیں، انہیں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024