• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

فلم کو سینما میں ریلیز نہ کرنے پر اسکارلٹ جانسن نے ڈزنی پر مقدمہ کردیا

شائع July 30, 2021
اداکارہ فلم کی پروڈیوسر بھی ہیں—فائل فوٹو: اے پی
اداکارہ فلم کی پروڈیوسر بھی ہیں—فائل فوٹو: اے پی

ہولی وڈ اداکارہ اسکارلٹ جانسن نے حال ہی میں اپنی فلم ’بلیک وڈو‘ کو بڑے پیمانے پر سینماؤں میں ریلیز نہ کرنے پر فلم اسٹوڈیو ڈزنی کے خلاف مقدمہ دائر کردیا۔

اسکارلٹ جانسن کی فلم ’بلیک وڈو‘ کو رواں ماہ 9 جولائی کو تقریبا تین سال کی تاخیر کے بعد امریکا، ایشیا اور یورپ کے متعدد ممالک میں ریلیز کیا گیا تھا لیکن فلم کو محدود سینما اسکرینز پر ریلیز کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں فلم کو ڈزنی پلس سمیت دیگر اسٹریمنگ ویب سائٹس پر بھی ریلیز کیا گیا تھا مگر اب اداکارہ نے اسٹوڈیو کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اسکارلٹ جانسن نے فلم کی ریلیز کے ایک ماہ سے بھی کم عرصے کے بعد ڈزنی اور مارول اسٹوڈیو پر معاہدے کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کردیا۔

رپورٹ میں وال اسٹریٹ جرنل کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اداکارہ نے قانونی مقدمے میں فلم اسٹوڈیو پر معاہدے کی خلاف ورزی اور انہیں مالی طور پر نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

اسکارلٹ جانسن نے فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
اسکارلٹ جانسن نے فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

درخواست کے مطابق اداکارہ اور فلم اسٹوڈیو کے درمیان ’بلیک وڈو‘ کو سینما گھروں میں ریلیز کرنے سے متعلق معاہدہ ہوا تھا مگر اسٹوڈیو نے اسکارلٹ جانسن کی کمائی کم کرنے کے لیے اسے محدود پیمانے پر ریلیز کیا۔

اسکارلٹ جانسن نے ڈزنی و مارول اسٹوڈیو کے خلاف بطور اداکارہ اور فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کی حیثیت سے مقدمہ دائر کرتے ہوئے خود کو مالی نقصان پہنچنے کا دعویٰ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: طویل تاخیر کے بعد ’بلیک وڈو‘ ریلیز

دوسری جانب ڈزنی اسٹوڈیو انتظامیہ نے اداکارہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا بلکہ وبا کے باعث ایسا کیا گیا۔

ساتھ ہی اسٹوڈیو کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اگرچہ فلم کو سینما گھروں سمیت اسٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کیا گیا ہے لیکن ایسا کرنے پر فلم کی کمائی کو بڑھانے کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔

اسٹوڈیو انتظامیہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ فلم کی کمائی کو بڑھانے کے خصوصی انتظامات کے تحت ہی اسکارلٹ جانسن کو اب تک ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں 2 کروڑ امریکی ڈالر سے زائد یعنی پاکستانی ساڑھے 3 ارب روپے کی رقم مل چکی ہے۔

اسکارلٹ جانسن بلیک وڈو کا کردار مختلف فلموں میں ادا کر چکی ہیں—اسکرین شاٹ
اسکارلٹ جانسن بلیک وڈو کا کردار مختلف فلموں میں ادا کر چکی ہیں—اسکرین شاٹ

اسٹوڈیو نے واضح طور پر یہ نہیں بتایا ہے کہ ان کے اور اسکارلٹ جانسن کے درمیان کس طرح کا معاہدہ ہوا تھا۔

’بلیک وڈو‘ نے 9 جولائی سے اب تک دنیا بھر سے تقریبا 20 کروڑ ڈالر تک کی کمائی کی ہے اور مذکورہ فلم کو دیکھنے کے لیے ڈزنی پلس پر صارفین سے اضافی 30 ڈالر بھی وصول کیے جا رہے ہیں، علاوہ ازیں اسے مختلف ممالک کے محدود سینما گھروں میں بھی دکھایا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: اسکارلٹ جانسن کی فلم ‘بلیک وڈو’ کیلئے 70 ڈائریکٹرز کے انٹرویو

’بلیک وڈو‘ سمیت ہولی وڈ کی تقریبا تمام فلموں کو گزشتہ ایک سال سے محدود پیمانے پر سینما گھروں میں ریلیز کیا گیا ہے، وبا کے باعث زیادہ تر فلموں کو اسٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کیا جا رہا ہے۔

اسٹریمنگ ویب سائٹس پر فلموں کی ریلیز سے عام طور پر فلموں میں شریک پروڈیوسر بننے والے بڑے اداکار اسٹوڈیوز کے خلاف برہم دکھائی دیتے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ سینماؤں میں فلم کی ریلیز نہ ہونے سے کمائی میں انتہائی کم ہوتی ہے۔

اسکارلٹ جانسن کا بھی یہی دعویٰ ہے کہ ان کی فلم کو سینماؤں میں محدود پیمانے پر ریلیز کرنے سے انہیں مالی نقصان ہو رہا ہے۔

اداکارہ گزشتہ ایک دہائی سے ڈزنی اسٹوڈیو کی سپر ہیرو فلموں میں بلیک وڈو کا کردار ادا کرتی آ رہی ہیں اور اب پہلی مرتبہ ان کے کردار پر اکیلی فلم بنائی گئی ہے اور اسی فلم کی وہ ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024