• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

دوطرفہ کاروبار کے فروغ کیلئے پاکستان، بحرین کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

شائع July 30, 2021
اجلاس میں پاکستان اور بحرین کے وزرائے خارجہ نے اپنے اپنے وفود کی سربراہی کی —تصویر: شاہ محمود ٹوئٹر
اجلاس میں پاکستان اور بحرین کے وزرائے خارجہ نے اپنے اپنے وفود کی سربراہی کی —تصویر: شاہ محمود ٹوئٹر

پاکستان اور بحرین نے معاشی نمو اور کاروباری ہم آہنگی کے لیے مشترکہ طور پر کام کر کے دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کردیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ماناما میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے دوسرے اجلاس کے اختتام پر بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) اور بحرینی اکنامک ڈیولپمنٹ بورڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ ایم او یو 2 سال تک قابل عمل رہے گی اور دونوں فریقین کی منظوری سے اس کی تجدید کی جاسکے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بحرین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جائے گا، شاہ محمود قریشی

بحرین اکنامک ڈیولپمنٹ کے چیف ایگزیکٹو افسر خالد ابراہیم حمیدان اور بی او آئی کے ڈائریکٹر جنرل جمیل احمد قریشی نے اپنی، اپنی حکومتوں کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

بی او آئی کے مطابق ایم او یو میں جن شعبوں پر خاص توجہ دی گئی ہے، ان میں مینوفیکچرنگ، سیاحت، لاجسٹکس، انفارمیشن اور کمیونی کیشن ٹیکنالوجی، مالیاتی خدمات، صحت، تعلیم اور ہنر مندی کی تربیت شامل ہے۔

مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں پاکستان اور بحرین کے وزرائے خارجہ نے اپنے اپنے وفود کی سربراہی کی۔

دونوں فریقین نے قائم باہمی میکانزم کے باقاعدہ اجلاسوں اور اعلیٰ سطح کے دوطرفہ دوروں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف کو دورہ بحرین میں فرسٹ کلاس ایوارڈ سے نواز دیا گیا

اقتصادی تعاون کے حوالے سے دونوں ممالک نے تجارت اور کاروباری ترقی پر خصوصی توجہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے شعبوں کی مزید ترقی کے لیے بے پناہ صلاحیت کو تسلیم کیا۔

علاوہ ازیں ایم او ایو سے متعلق سرگرمیوں مثلاً کانفرنسز، سمپوزیمز، روڈ شوز، ورک شاپس، فورمز، نمائش اور کاروباری وفود وغیرہ میں حصہ لینے کے لیے ایک دوسرے کو مدعو کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مزید برآں دونوں فریقین نے جامع معاشی شراکت داری کے معاہدے پر بات چیت شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

پاکستانی حکام کی جانب سے ممکنہ شراکت داری کے طور پر آٹو پارٹس کے پاکستانی برآمد کنندگان کی فہرست فراہم کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: بحرین کا بھی اسرائیل سے امن معاہدے کا اعلان

دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی متعدد ٹیکسٹائل ایسوسی ایشنز کے درمیان تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا اور باہمی دوروں کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پارلیمانی سطح پر تعاون کا خیر مقدم کیا۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بحرین کے وزیر اعظم اور ولی عہد سلمان بن حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024