• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

سعودی حکام کا 'ریڈ لسٹ' میں شامل ممالک کے سفر پر 3 سالہ سفری پابندی کا انتباہ

شائع July 28, 2021
سعودی عرب نے متعدد ممالک کے سفر یا ٹرانزٹ پر پابندی لگا رکھی ہے—تصویر: رائٹرز
سعودی عرب نے متعدد ممالک کے سفر یا ٹرانزٹ پر پابندی لگا رکھی ہے—تصویر: رائٹرز

سعودی عرب نے اپنی سفری پابندی کی فہرست ’ریڈ لسٹ‘ میں شامل ممالک کا سفر کرنے والے افراد پر 3 سال کی سفری پابندی لگانے کا انتباہ دے دیا۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں سرکاری خبررساں ادارے ’سعودی پریس ایجنسی‘ کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس اور اس کی نئی اقسام کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے نامعلوم عہدیدار کا کہنا تھا کہ کچھ سعودی شہری، جنہیں مارچ 2020 کے بعد حکام سے پیشگی اجازت لیے بغیر مئی میں بیرونِ ملک سفر کرنے کی اجازت دی گئی تھی، انہوں نے سفری قواعد کی خلاف ورزی کی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: سعودی عرب نے یو اے ای سمیت 4 ممالک پر سفری پابندی لگادی

عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’جو بھی اس میں ملوث پایا گیا اسے واپسی پر قانونی احتساب اور بھاری جرمانے کے علاوہ 3 سال کی سفری پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے‘۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے متعدد ممالک کے سفر یا ٹرانزٹ پر پابندی لگا رکھی ہے۔

سعودی سفری پابندی کے شکار ممالک میں افغانستان، ارجنٹائن، برازیل، مصر، ایتھوپیا، بھارت، انڈونیشیا، لبنان، پاکستان، جنوبی افریقہ، ترکی، ویت نام اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

عہدیدار نے کہا کہ ’سعودی وزارت داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں پر اب بھی مذکورہ بالا ریاستوں یا جن ممالک میں وبا قابو میں نہیں آئی یا نئی اقسام پھیل رہی ہیں، وہاں کے سفر یا کسی دوسرے ملک کے راستے سے وہاں جانے کی پابندی عائد ہے۔

مزید پڑھیں:سعودی عرب نے 11 ممالک سے سفری پابندی ہٹا دی، پاکستان شامل نہیں

خیال رہے کہ 3 کروڑ کی آبادی والی سب سے بڑی خلیجی ریاست میں منگل کے روز ایک ہزار 379 نئے کورونا کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 20 ہزار 774 ہوگئی تھی۔

علاوہ ازیں مملکت میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 189 ہے۔

گزشتہ برس جون میں سعودی عرب میں وبا اپنے عروج پر پہنچی تھی جب یومیہ کیسز کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ گئی تھی جبکہ جنوری میں سب سے کم یعنی 100 بھی کم یومیہ کیسز سامنے آئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024