• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیراعظم سے سعودی وزیرخارجہ کی ملاقات، ‘تعلقات کی مزید بہتری کیلئے نئی راہیں تلاش کی جائیں’

شائع July 27, 2021
وزیراعظم نے سعودی وزیرخارجہ کا اپنے دفتر میں پرتپاک استقبال کیا—فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم نے سعودی وزیرخارجہ کا اپنے دفتر میں پرتپاک استقبال کیا—فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے ملاقات کی جہاں دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور وزیراعظم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کی جہت وسیع کرنا چاہتا ہے، سعودی وزیر خارجہ

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہری بنیاد پر قائم اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر خادمین حرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بیان کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے مئی 2021 میں سعودی عرب کے اپنے دورے کا ذکر کیا اور اس وقت کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں انہوں نے مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر پر زور دیا۔

بیان کے مطابق وزیراعظم نے تعلقات کے معاشی پہلو کو مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں پائے جانے والے وسیع مواقع کے لیے اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

فیصل بن فرحان سے ملاقات میں انہوں نے سعودی-پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل (ایس پی ایس سی سی) کی فعالیت سے متعلق کام کو سراہا، جو پاک-سعودی تعلقات اسٹریٹجک سمت میں ڈھالنے کے لیے سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے دونوں ممالک میں ترقی اور بہتری کے لیے سعودی عرب میں پاکستانی برادری کے اہم کردار کی تعریف کی اور عوامی سطح پر رابطوں سے دوطرفہ تعاون کے لیے ٹھوس بنیادیں فراہم ہوتی ہیں۔

پاکستانیوں کوکووڈ کے باعث پیش آنے والی مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے ان کی وقت پر سعودی عرب واپسی کے لیے بروقت اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کپتان کا دورہ سعودی عرب: نیا اسلامی بلاک بننے سے پہلے دم توڑ گیا؟

انہوں نے سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانیوں کو کووڈ ویکسین کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا، دونوں ممالک اور جنوبی ایشیا میں کووڈ کی صورت حال بھی زیر بحث آئی۔

وزیراعظم نے افغانستان کی صورت حال پر افغان فریقین کو سیاسی حل کے لیے تعمیری اور بامقصد مذاکرات کی ضرورت کو اجاگر کیا جو خطے میں امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔

فیصل بن فرحان نے وزیراعظم کی جانب سے سعودی وفد کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے بھائی چارے کی بنیاد پر قائم مضبوط تعلقات کو بھی نمایاں کیا۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کی جانب سے اسٹریٹجک پہلو پر تشکیل دیے گئے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب قریبی برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں، سعودی عرب اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے مقبوضہ جموں و کشمیر پر رابطہ گروپ کا رکن ہے اور مسئلہ کشمیر پر تعاون کرتا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے اور نور خان ایئر بیس پر وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا تھا جس کے بعد دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سےملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی اور سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہیں اُمید ہے کہ کونسل، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے، انہیں ادارہ جاتی بنانے اور تمام مواقع کی تلاش میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب، پاکستان کا مسئلہ کشمیر کے تصفیے کیلئے مذاکرات پر زور

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ماضی میں بھی متعدد شعبوں میں مل کر کام کیا ہے لیکن انہیں یقین ہے کہ کونسل دونوں ممالک کے درمیان باہمی اشتراک کے فروغ کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوگی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے باہمی تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور جس طرح معاملات چل رہے ہیں ہم اس کے ساتھ مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس بات پر توجہ دی کہ ہم کس طرح اپنے معاشی روابط کو فروغ دیں، 20 لاکھ سے زائد پاکستانی سعودی عرب کی سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں لیکن ہم باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے مزید معاشی رابطے کس طرح بناسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے لیے قیادت نے بڑے فیصلے کیے ہیں اور ہمیں اس پر عملدرآمد کی ذمہ داری دی، جو سعودی-پاکستان اعلیٰ مشاورتی کونسل کا قیام اور اس کی فعالیت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024