• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کورونا کیسز میں اضافہ: سول ہسپتال کراچی میں او پی ڈی بند، آپریشنز معطل

شائع July 27, 2021
گزشتہ ہفتے کے دوران کورونا کیسز کی شرح 23 فیصد سے تجاوز کرگئی —فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
گزشتہ ہفتے کے دوران کورونا کیسز کی شرح 23 فیصد سے تجاوز کرگئی —فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

شہر میں کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی میں تمام اہم امور بشمول او پی ڈیز بند اور آپریشنز معطل کردیے گئے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق علاوہ ازیں ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا شہر میں رپورٹ ہونے والے تقریباً 100 فی صد کیسز میں موجود ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا کی قسم ڈیلٹا نے بیماری کے بارے دنیا کے خیالات کیسے بدل دیئے؟

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران کورونا کیسز کی شرح 23 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔

پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وضع کردہ ہدایات پر عمل کریں اور اپنے معمولات زندگی میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

پیما نے خبردار کیا کہ وضع کردہ ہدایات اور ایس او پیز پر عمل نہ کرنے سے تباہ کن نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

پیما کے صدر ڈاکٹر عبداللہ متقی نے ایک بیان میں کہا کہ کراچی میں چوتھی لہر خطرناک حد تک سنگین ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیسٹس سے معلوم ہوا ہے کہ تقریباً 100 فیصد کیسز ڈیلٹا قسم کے ہیں، یہ اتنی تیزی سے پھیلتا ہے اور کسی بھی وقت میں ایک متاثرہ شخص کے پورے کنبے کو متاثر کرسکتا ہے، کراچی کے ہسپتالوں میں اب مزید گنجائش نہیں رہی۔

یہ بھی پڑھیں: 2 ویکسینز کا امتزاج کورونا کے خلاف مدافعتی نظام کو کتنا طاقتور بناتا ہے؟

ڈاکٹر عبداللہ متقی نے کہا کہ ایسے منظر نامے میں ویکسین اُمید کی ایک کرن ہے جو ہر ایک کو جلد سے جلد لگوانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال مزید دباؤ کو برداشت نہیں سکتے اور اسی وجہ سے اہم امور معطل کردیے گئے ہیں جس میں مریضوں کی سرجریز اور او پی ڈیز بھی شامل ہیں۔

عبد اللہ متقی نے کہا کہ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ایس او پیز کی پیروی کرتے ہوئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے لیے گھر میں جمع ہونے سے گریز کریں۔

صوبائی محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ شہر کے مختلف ہسپتالوں میں قائم کووڈ 19 یونٹس مکمل طور پر مریضوں سے پُر ہیں اور وزیر اعلیٰ منگل (آج) اجلاس میں کووڈ 19 یونٹس میں توسیع پر غور کریں گے۔

مزید پڑھیں: کراچی: غیرقانونی طور پر کورونا ویکسین لگانے کے الزام میں ایک شخص گرفتار

انہوں نے بتایا کہ بعض ہسپتالوں مثلاً سی ایچ کے میں او پی ڈیز بند اور آپریشن معطل کردیے ہیں جبکہ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں حالیہ 70 بستروں پر مشتمل یونٹ مریضوں سے بھر چکا ہے اور اب حکومت یونٹس میں توسیع کا ارادہ رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد فعال ہوجائیں گے، محکمہ داخلہ کے ماتحت پولیس ہسپتال میں بھی ایک کووڈ 19 یونٹ ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024