• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

اگست کے آخر تک بڑے شہروں کی 40 فیصد آبادی کی ویکسینیشن کا ہدف ہے، اسد عمر

شائع July 26, 2021
این سی او سی نے رواں سال کے آخر تک 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف طے کیا ہے — فائل فوٹو / ڈان نیوز
این سی او سی نے رواں سال کے آخر تک 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف طے کیا ہے — فائل فوٹو / ڈان نیوز

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کووڈ 19 ویکسین کی 2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد خوراکیں لگا دی گئی ہیں اور تمام بڑے شہروں میں اگست کے آخر تک آبادی کے 40 فیصد حصے کو ویکسین لگانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز 2 ہزار 819 نئے کیسز اور 45 اموات رپورٹ ہوئیں اور مثبت کیسز کی شرح 6.32 فیصد رہی۔

مجموعی طور پر وائرس سے اموات کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک میں ویکسین کے لیے 10 کروڑ سے زائد اہل افراد موجود ہیں اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے رواں سال کے آخر تک 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف طے کیا ہے۔

مزید پڑھیں: یکم اگست سے اندرون ملک فضائی سفر کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار

وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'اب تک کورونا ویکسین کی ڈھائی کروڑ سے زائد خوراکیں لگائی جاچکی ہیں اور ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے، اگست میں ویکسی نیشن کے منصوبے میں مزید تیزی لائی جائے گی اور اگست کے آخر تک بڑے شہروں کی 40 فیصد آبادی ویکسی نیشن کا ہدف ہے'۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 2 کروڑ 54 لاکھ 32 ہزار 173 ویکسین لگائی جاچکی ہیں اور روزانہ تقریباً 5 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق وائرس سے 45 مریض جاں بحق ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 819 مزید وائرس کے کیسز سامنے آئے۔

وبائی امراض پھیلنے کے بعد سے ریکارڈ ہونے والے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 16 ہوگئی ہے جبکہ فعال کیسز جو مئی میں 31 ہزار کے قریب تھے اب بڑھ کر 25 جولائی کو 55 ہزار 720 ہوگئے۔

اسی طرح استعمال ہونے والے وینٹی لیٹرز اور آکسیجن کی شرح میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فضائی سفر پر پابندی میں یکم جولائی سے نرمی کا فیصلہ

اسلام آباد میں 38 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں، اس کے بعد لاہور میں 20 فیصد اور کراچی میں 15 فیصد زیر استعمال ہیں۔

اب تک ملک بھر میں 10 لاکھ 4 ہزار 694 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 9 لاکھ 25 ہزار 958 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ہفتے کے روز این سی او سی نے فیصلہ کیا کہ 18 سال سے زائد عمر کے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو یکم اگست سے مقامی سطح ہر فضائی سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024