• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

آزاد کشمیر انتخابات: راولپنڈی میں کیش گروپ ہار گیا، عمران خان جیت گیا، شیخ رشید

شائع July 25, 2021
شیخ رشید نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عمران خان کی حکومت بنے گی—فوٹو: ڈان نیوز
شیخ رشید نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عمران خان کی حکومت بنے گی—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے آزاد جموں و کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت بننے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں کیش گروپ ہار گیا اور عمران خان جیت گیا ہے۔

راولپنڈی میں اپنی رہائش گاہ لال حویلی کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان پاکستان میں دنیا کے سب سے اہم کام کرنے جا رہے ہیں، وہ داسو اور بھاشا ڈیم ہیں۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر: عام انتخابات میں ووٹنگ کا وقت ختم، سیاسی جماعتوں کے تصادم میں 2 افراد ہلاک

انہوں نے کہا کہ یہ ڈیم 5 نہیں 10 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کریں گے اور پاکستان کی تاریخ بدل دے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہمارے تین سال پورے ہورہے ہیں اور دو سال رہتے ہیں اور ہمیں ایک سال خدمت کرنی ہے، میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ کراچی سے جعلی شناختی کارڈ بنانے والے 19 لوگ نکالے ہیں، جو افغان جعلی کارڈ بناتے تھے، اسی طرح پنڈی، لاہور اور پشاور سے بھی نکالوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنڈی کے لوگوں، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں، ہم شرافت اور احترام کی سیاست کرتے ہیں اور پنڈی شہر نے ثابت کردیا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویلی کی نشستوں پر جو کچھ پیسے خرچ ہوئے اس کا ذکر نہیں کرنا چاہتا، میں اس لیے ذکر نہیں کرنا چاہتا کہ جمہوریت کی توہین ہے لیکن ان نشستوں پر ایسا ہی ہوا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان پاکستان میں مشین کے الیکشن کی بات اسی لیے کرتا ہے تاکہ کسی کو شک نہ ہو اور میں سارے کشمیریوں کو کہتا ہوں کہ عمران خان، کشمیر کی آزادی کا کیس لڑے گا اور ساری دنیا میں ڈنکا بجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے انتخابات نمیں پی ٹی آئی راولپنڈی میں پہلی مرتبہ جیتی ہے، اس سے پہلے کبھی نہیں جیتی تھی اور ایک غریب آدمی کے ساتھ جیتی ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو میں 9 بجے پھر خطاب کرسکتا ہوں، ابھی تو میں راولپنڈی کو مبارک باد دیتا ہوں کہ کیش گروپ ہار گیا ہے اور عمران خان جیت گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیش گروپ ہار گیا ہے، جنہوں نے لوگوں کے ضمیر خریدے، پیسوں سے لوگوں کے ووٹ خریدے اور شناختی کارڈ رکھے، ہم اس شہر کو بہتری کی طرف لے کر جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو میں 9 بج کر 30 منٹ پر کشمیر میں پی ٹی آئی اور عمران خان کی مکمل حکومت بننے کا اعلان کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: 43 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار امن و امان یقینی بنائیں گے

انہوں نے کہا کہ کابل اور لندن میں میرے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں، بیٹیاں سانجھی ہوتی ہیں لیکن پاکستان پر نام آرہا تھا کہ ہمارے ہاں امن وامان نہیں ہے، یہ اسلام آباد ہے جہاں 4 ٹیکسیاں بدلی ہیں تو پھر بھی ہم پہنچے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک بچی جو قتل ہوئی ہے، ان کے قاتلوں کو نہیں چھوڑیں گے، اور آج میں اعلان کرتا ہوں کہ وزارت داخلہ سارے پاکستان میں منشیات کے خلاف جہاد کرے گی، سارے پاکستان میں جتنی منشیات ہیں، اس کے خلاف وزارت داخلہ جہاد کرے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میں عمران خان، پی ٹی آئی اور رکشہ ڈرائیور کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ عمران خان راولپنڈی میں جیت گیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کل میں نے لاہور میں کہا تھا لیکن لوگوں کا خیال تھا کہ میں ویسے ہی پیشن گوئیاں کرتا ہوں، میں اندر سے آدھا ولی ہوں، یہ لال حویلی کے جنات اللہ کے بعد میرے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے جہاں تاحال حتمی نتائج سامنے نہیں آئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024