• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

افغان حکومت نے 31 صوبوں میں کرفیو نافذ کردیا

شائع July 25, 2021
غیر ملکی افواج کے انخلا کے آغاز کے بعد سے طالبان نے ملک کے تقریباً 400 اضلاع میں سے لگ بھگ نصف پر قبضہ کر لیا ہے — فوٹو: اے ایف پی
غیر ملکی افواج کے انخلا کے آغاز کے بعد سے طالبان نے ملک کے تقریباً 400 اضلاع میں سے لگ بھگ نصف پر قبضہ کر لیا ہے — فوٹو: اے ایف پی

افغان حکام نے طالبان کے حالیہ حملوں سے بڑھنے والی کشیدگی میں کمی لانے کے لیے ملک کے 34 میں سے 31 صوبوں میں رات کے اوقات کے لیے کرفیو نافذ کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق مئی کے اوائل سے امریکا کی زیر قیادت غیر ملکی افواج کے حتمی انخلا کے آغاز کے بعد طالبان کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے اور انہوں نے اہم بارڈر کراسنگز، درجنوں اضلاع پر قبضہ اور کئی صوبائی دارالحکومتوں کا گھیراؤ کر لیا ہے۔

تاہم اب افغان وزارت داخلہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'تشدد پر قابو پانے اور طالبان کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لیے کابل، پنج شیر اور ننگرہار کے علاوہ ملک کے 31 صوبوں میں رات کے اوقات کے لیے کرفیو نافذ کیا جارہا ہے'۔

افغان وزارت داخلہ کے نائب ترجمان احمد ضیا نے صحافیوں کو جاری آڈیو بیان میں کہا کہ 'کرفیو کا اطلاق رات 10 بجے سے صبح 4 بجے تک ہوگا'۔

یہ بھی پڑھیں: 'طالبان نے تشدد اور قبضے کا سلسلہ نہ روکا تو فضائی حملوں کیلئے تیار رہیں'

غیر ملکی افواج کے انخلا کے آغاز کے بعد سے طالبان نے ملک کے تقریباً 400 اضلاع میں سے لگ بھگ نصف پر قبضہ کر لیا ہے۔

عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران پرتشدد واقعات میں مختصر وقفے کے بعد دوبارہ لڑائی شروع ہوگئی ہے اور انتظامیہ نے مختلف صوبوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 260 سے زائد طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

افغان انتظامیہ اور طالبان دونوں اپنے دعوؤں کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں جن کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے جمعرات کو کہا تھا کہ حالیہ ہفتوں میں پرتشدد واقعات میں اضافے کے بعد امریکی فوج نے طالبان کو پیچھے دھکیلنے اور افغان فوسز کی مدد کے لیے فضائی کارروائی کی، جبکہ افواج کا حتمی انخلا جاری ہے۔

مزید پڑھیں: امریکی انخلا کا آغاز ہوتے ہی ہزاروں افغان خاندانوں کی تشدد سے بچنے کیلئے نقل مکانی

ماہرین کے مطابق امریکا کی مئی سے مسلسل فضائی کارروائیاں ختم ہونا افغان فورسز کے پسپا ہونے اور طالبان کی جانب سے بڑے حصے پر قبضے کی بڑی وجہ ہے۔

جمعہ کو طالبان نے فضائی کارروائی کرنے پر امریکا کو خبردار کیا تھا۔


یہ خبر 25 جولائی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024