• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

صدر نے خواتین، بزرگ افراد کے حقوق کے تحفظ کے متعلق بلز پر دستخط کر دیے

شائع July 21, 2021
صدر کے دستخط کے بعد دونوں بلز اب قانون بن گئے ہیں — فائل فوٹو / ڈان نیوز
صدر کے دستخط کے بعد دونوں بلز اب قانون بن گئے ہیں — فائل فوٹو / ڈان نیوز

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد سینئر سٹیزن بل 2021 اور نفاذ ملکیتی حقوقِ نسواں (ترمیمی) بل 2021 پر دستخط کر دیے۔

خواتین سے متعلق بل کے تحت ان کے ملکیتی حقوق کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ انہیں ہراساں ہونے، زور زبردستی یا دھوکا دہی کا شکار ہونے سے بچایا جائے گا۔

اسلام آباد سینئر سٹیزن بل 2021 کے تحت اسلام آباد کے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

صدر کے دستخط کے بعد دونوں بلز اب قانون بن گئے ہیں۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق نفاذ ملکیتی حقوقِ نسواں ایکٹ 2020 کے سیکشن 5 میں ترمیم کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ کمیٹی میں خواتین کے جائیداد کے حقوق ترمیمی بل 2020 کثرت رائے سے منظور

ترمیم کے تحت محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو 30 دن کے اندر اپیل کی جا سکے گی۔

بل میں کہا گیا ہے کہ 'یہ شکایت کے مؤثر اور تیز کے ازالے کا طریقہ فراہم کرتا ہے جس کے تحت اگر کسی خاتون کو ان کے ملکیتی حقوق یا جائیداد کا قبضہ نہ دیا جارہا ہو اور اس متعلقہ جائیداد کے حوالے سے عدالت میں کوئی کیس زیر التوا نہ ہو تو وہ محتسب کو درخواست دے سکتی ہیں'۔

درخواست کے ابتدائی جائزے کے بعد محتسب، متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے 15 روز میں رپورٹ طلب کرے گا اور ریکارڈ کے جائزے کے بعد فیصلہ سنائے گا۔

بل میں کہا گیا ہے کہ 'محتسب، شکایت گزار اور ان کے مخالفین سے بھی اعتراضات طلب کرے گا اور 60 روز میں سماعت مکمل کرنے کا مجاز ہوگا'۔

نفاذ ملکیتی حقوقِ نسواں (ترمیمی) بل 2021 درست سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے کیونکہ اس میں خواتین کے جائیدادوں سے متعلق تنازعات کے حل کے لیے وقت کی پابندی لگادی گئی ہے۔

یہ مشاہدہ کیا جاتا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 23 میں تمام شہریوں کے ملکیتی حقوق کو تسلیم کیا گیا ہے لیکن خواتین کو اپنا یہ حق حاصل کرنے کے لیے رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مزید پڑھیں: خواتین کو وراثتی حقوق کی فراہمی کیلئے آگاہی مہم شروع

اسلام آباد سینئر سٹیزن بل 2021 کے تحت بزرگ افراد کے لیے سینئر سٹیزن کونسل اور دارالشفقت' (اولڈ ایج ہوم) کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔

60 سال سے زائد عُمر کے افراد سینئر سٹیزن کارڈ کے اہل ہوں گے، بزرگ شہریوں کو میوزم، پارکس اور لائبریری جیسی سہولیات مفت حاصل ہوں گی۔

انہیں علاج معالجہ کی سہولیات، ادویات پر رعایت، علیحدہ کاؤنٹر اور علیحدہ وارڈز کی سہولیت مہیا کی جائے گی۔

بزرگ افراد کو فضائی اور ریلوے کے سفر پر 20 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ مستحق اور اہل بزرگ افراد کو مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔


یہ خبر 21 جولائی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

ALI Jul 21, 2021 03:07pm
بزرگ شہریوں کے ساتھ خاص کر ریٹائر سرکاری ملازمین (پیلنشزر) کے ساتھ بینک میں ہونے والا سلوک کا بھی کچھ حل ہونا چاہئے ۔ ان سب کو اے ٹی ایم کارڈ جاری کئے جائے تاکہ بینک میں رش کم ہو اور عام صارفین کو آسانی ہو۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024