• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا، وزیر اعظم

شائع July 21, 2021
وزیر اعظم نے کہا کہ قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے — فائل فوٹو / الجزیرہ
وزیر اعظم نے کہا کہ قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے — فائل فوٹو / الجزیرہ

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا اور پوری پاکستانی قوم کا سر اقوام عالم کے سامنے فخر سے بلند ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیمؑ کی اطاعت اور حضرت اسمٰعیلؑ کی تسلیم و رضا کی یادگار ہے، آج کے دن ان عظیم شخصیتوں نے اطاعت اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی، یہ عمل اﷲ تعالیٰ کو اتنا پسند آیا کہ اسے قیامت تک اُمتِ محمدیﷺ کے لیے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا جذبہ ہے، دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو، قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے قربان کرنا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ جذبہ انسان کے اندر ایسی صلاحیت کو اُجاگر کرنے کا جذبہ پیدا کرتا ہے جو اْسے بڑی سے بڑی مشکل صورتحال میں بھی راہِ راست سے بھٹکنے نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ یہی وہ جذبہ تھا جس کے تحت پاکستانی قوم نے کورونا وائرس جیسی عالمگیر وبا سے حفاظت بڑی دانشمندی، قومی حکمت عملی اور حوصلے سے کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز معاشی لحاظ سے جن مشکل حالات سے دوچار تھا اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب وہ حالات تبدیل ہو رہے ہیں، ہماری معیشت درست سمت پر آچکی ہے، حکومتی اقدامات کے نتیجے میں معاشی اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں، جبکہ مختلف اسکیموں کے ذریعے لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا اور پوری پاکستانی قوم کا سر اقوام عالم کے سامنے فخر سے بلند ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے

مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رہنا کامیابی کی کنجی ہے، صدر مملکت

— فائل فوٹو / ریڈیو پاکستان
— فائل فوٹو / ریڈیو پاکستان

عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں ڈاکٹر عارف علوی نے قوم اور عالم اسلام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ اللہ تعالی اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزماتا ہے، اس میں ہمارے لیے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھی کورونا وائرس کی وبا کے امتحان سے گزر رہی ہے، اس وبا نے تمام انسانیت کو کسی نہ کسی طرح متاثر کیا ہے، بڑی بڑی طاقتور حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات سے دوچار ہیں۔

صدر مملکت قوم سے درخواست کی کہ وہ اس امتحان میں سرخرو ہونے کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ماسک پہنے، ہاتھ دھوئے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کا مبارک موقع حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کے ایثار و قربانی اور اللہ تعالی کی اطاعت و فرمانبرداری کی یاد تازہ کرتا ہے، عیدِ قربان کے موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں، جبکہ اس موقع پر اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں بھی کی جائیں کہ وہ ہمیں اس وبا کے اثرات سے محفوظ فرمائے۔

مزید پڑھیں: عیدالاضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کے دوبارہ سر اٹھانے کا خدشہ

واضح رہے کہ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کی تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کی مساجد، عید گاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

علمائے کرام نے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

نماز عید کے بعد شہری سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں قربانی کا فریضہ ادا کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024