• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی میں ڈیلٹا سے صورتحال تشویشناک، ہسپتالوں میں گنجائش کم پڑنے لگی

شائع July 20, 2021
کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی 25.7 فیصد تک بڑھ گئی— فائل فوٹو: رائٹرز
کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی 25.7 فیصد تک بڑھ گئی— فائل فوٹو: رائٹرز

عیدالاضحیٰ کے موقع پر کراچی میں کورونا وائرس کی قسم 'ڈیلٹا' انتہائی تیزی سے پھیل رہی ہے اور سرکاری جبکہ کچھ نجی ہسپتالوں نے گنجائش کم پڑنے کی وجہ سے مریضوں کے داخلے سے انکار کرنا شروع کردیا۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق حکومتِ سندھ نے پیر کے روز کہا تھا کہ شہر میں کووڈ-19 کی صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے اور لوگوں کو خبردار کیا تھا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران احتیاطی تدابیر نظر انداز کرنے کے نتیجے میں حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں کووڈ-19 کی صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے، مرتضیٰ وہاب

پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 25.7 فیصد تک بڑھ گئی جو قومی سطح پر مثبت کی شرح 5.25 فیصد سے پانچ گنا زیادہ ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ سرکاری ہسپتال مکمل بھر چکے ہیں اور مریضوں کی گنجائش نہیں ہے، یہ ایک ایسی چیز ہے جو گزشتہ لہروں کے دوران دیکھنے میں نہیں آئی اور یہاں تک کہ کچھ نجی ہسپتال مریضوں کے داخلے سے انکار کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر قیصر سجاد نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ خدا ہم پر رحم کرے کیونکہ لوگ اس وبائی مرض کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں، عید کے تہوار کے موقع پر اس طرح کے غیر ذمے دارانہ رویے حالات کو مزید خراب کردیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کورونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں 30ویں نمبر پر آگیا

یاد رہے کہ عیدالاضحیٰ کی تعطیات کے دوران لوگ کراچی جیسے شہروں سے اپنے آبائی شہروں کا رخ کرتے ہیں جس کی وجہ سے وائرس کی قسم ڈیلٹا پھیلنے کا خدشہ ہے۔

جامعہ کراچی کے سینٹر برائے کیمیکل اور حیاتیاتی علوم کے مطابق شہر میں ڈیلٹا کے پھیلاؤ کی شرح 92.2 فیصد ہے۔

کراچی کے سب سے بڑے جناح ہسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے رائٹرز کو بتایا کہ ہسپتال میں کورونا کے 90 میں سے 77 بستر بھرے ہوئے ہیں اور وہ اس کی تعداد میں مزید اضافے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

سیمی جمالی نے کہا کہ ہمیں سابقہ ​​لہروں کے دوران ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا، صورتحال کافی خراب ہو رہی ہے۔

مزید پڑھیں: سائنوویک ویکسین کووڈ سے بچانے کے لیے 83.5 فیصد تک مؤثر قرار

دونوں ڈاکٹروں نے خبردار کیا کہ 25 جولائی کو آزاد جموں و کشمیر میں عید کی چھٹیاں اور آئندہ انتخابات وائرس کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ کا باعث بن سکتے ہیں کیونکہ حکومت اور اپوزیشن بڑے عوامی اجتماعات کے انعقاد میں مصروف ہیں۔

اس سے قبل ذرائع نے ڈان کو بتایا تھا کہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف انفکیشیس ڈیزیزز، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے اوجھا کیمپس، قطر جنرل ہسپتال، سول ہسپتال کراچی، لیاری جنرل ہسپتال، انڈس ہسپتال اور ایکسپو سینٹر میں 140 بستروں کی سہولت سمیت کووڈ-19 کے مریضوں کے لیے مختص صحت کی سہولیات میں تمام بیڈز تقریباً بھر چکے ہیں۔

وائرس کی قسم ڈیلٹا کراچی بھر میں پھیل چکی ہے، ڈاکٹر اشتیاق

جامعہ کراچی میں جمیل الرحمٰن سینٹر فار جینومکس ریسرچ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد خان کے مطابق وائرس کی ڈیلٹا قسم انتہائی متعدی ہے اور یہ پورے شہر میں پھیل چکی ہے۔

انہوں نے عوامی رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ وائرس کی اس خطرناک قسم ڈیلٹا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔

ڈاکٹر اشتیاق احمد نے عوام سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام لوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ ماضی میں آنے والی لہروں کی طرح کورونا وائرس کی چوتھی لہر ان پر اثر انداز نہیں ہوگی لیکن بدقسمتی سے اس مرتبہ ایسا نہیں ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں کورونا کی ڈیلٹا قسم کے 50 کیسز نے خطرے کی گھنٹی بجادی

گزشتہ ہفتے وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کی صورت میں چوتھی لہر کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہسپتالوں میں کووڈ کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

سب سے پہلے رواں مارچ میں بھارت میں منظر عام پر آنے والی وائرس کی قسم ڈیلٹا اب مختلف حالتوں میں دنیا کے 90 سے زائد ممالک تک پھیل چکی ہے اور یہ ہندوستان، برطانیہ، روس، اسرائیل، سنگاپور اور ایک درجن سے زیادہ دوسرے ممالک میں بھی طاقتور شکل اختیار کر گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ اس میں مختلف حالتوں میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو جسم کی قوت مدافعت کے نظام کو مکمل طور پر ختم کر سکتی ہیں اور دیگر کسی بھی قسم کے مقابلے میں اس کی منتقلی کی شرح انتہائی زیادہ ہے۔

این سی او سی اجلاس میں حکومت سندھ کے اقدامات پر اظہار اطمینان

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت منگل کو این سی او سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کیے جانے والے اضافی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں عید الاضحیٰ سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد جبکہ کراچی اور گلگت بلتستان میں وبا کے پھیلاؤ کا جائزہ بھی لیا گیا۔

مزید پڑھیں: عوام سے اپیل ہے عید پر تفریحی مقامات پر جانے سے گریز کریں، اسد عمر

فورم کو مزید بتایا گا کہ اس وقت ملک میں یومیہ ساڑھے پانچ لاکھ ویکسینز لگائی جا رہی ہیں اور بیرون ملک جانے والے افراد اور طلبا کے لیے موڈرنا ویکسین کی وافر مقدار ویکسینیشن سینٹرز کو مہیا کر دی گئی ہے۔

اجلاس میں عید کے موقع پر این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ احکامات اور عید کی نماز اور قربانی کے حوالے سے کورونا کے لیے مروجہ مخصوص ایس او پیز پر عمل درآمد کو نہایت اہم قرار دیا گیا اور اس ضمن میں تمام صوبوں کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024