• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بہاولپور: اولمپیئن سمیع للہ کے مجسمے سے ہاکی چوری کرنے والا ملزم گرفتار

شائع July 20, 2021
پولیس کی جانب سے ملزم کا اعترافی بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے، ڈی پی او  - فوٹو: ٹوئٹر
پولیس کی جانب سے ملزم کا اعترافی بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے، ڈی پی او - فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان ہاکی کے سابق اولمپیئن 'فلائنگ ہارس' سمیع للہ خان کے مجسمے کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کرنے اور اس سے جڑی ہاکی و بال چوری کرنے میں ملوث ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

بہاولپور کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران کے مطابق ملزم ضلع ملتان کا رہائشی ہے اور کام کاج کے سلسلے میں عارضی طور پر بہاول پور میں رہائش پذیر ہے۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں اور لوگوں کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور 48 گھنٹوں میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: اولمپیئن سمیع اللہ کے مجسمے سے ہاکی اور گیند چوری

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے ملزم کا اعترافی بیان ریکارڈ کیا گیا جس میں اس نے اپنی غلطی پر شرمندگی کا اظہار کیا ہے اور سمیع للہ خان سمیت سول سوسائٹی سے معافی مانگی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ سرزد ہونے والی غلطی صرف شرارت کی بنیاد پر کی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش کی جاری ہے۔

سماجی حلقوں نے ملزم کی فوری گرفتاری پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔

واضح رہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ (سی بی) بہاولپور نے فائبر سے بنا یہ مجسمہ شہر کے پوش علاقے ماڈل ٹاؤن اے میں پاکستان ہاکی کے لیجنڈری کھلاڑی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے چند روز قبل نصب کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: چوری شدہ 'شینجن ویزا اسٹیکرز' کا غلط استعمال روکنے کیلئے ایف آئی اے سے رابطہ

سبز رنگ کی ٹی شرٹ اور سفید شارٹس کے ساتھ ہاکی کھیلنے کے انداز میں نصب کیا گیا مجسمہ انٹرنیشنل ہاکی میں پاکستان کی شناخت کی عکاسی کرتا ہے۔

ڈان کو معلوم ہوا کہ چند روز قبل مجسمے کو گیند سے محروم کردیا گیا تھا جبکہ ہاکی اسٹک ہفتے کی رات (17 جولائی) کو پراسرار طور غائب ہوئی۔

چوری کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر سول سوسائٹی اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے واقعے کی مذمت کی گئی تھی اور چوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

بعد ازاں کنٹونمنٹ پولیس نے گزشتہ روز ایک شہری ملک سلمان اعوان کی شکایت پر نامعلوم چوروں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 379، 427 اور 294 کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024