• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عمران خان کے بچوں سے متعلق مریم نواز کے بیان پر جمائما کا ردعمل

شائع July 20, 2021
مریم نواز نے18 جولائی کو خطاب میں وزیراعظم کے بچوں پر تنقید کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
مریم نواز نے18 جولائی کو خطاب میں وزیراعظم کے بچوں پر تنقید کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

وزیر اعظم عمران خان کی سابق اور پہلی اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ المعروف جمائما خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے ان کے بچوں سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2004 میں پاکستان چھوڑنے کے بعد بھی مذہب مخالف حملے اب تک جاری ہیں۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں کہا کہ ’مریم نواز شریف نے یہ اعلان کیا ہے کہ میرے بچے یہودیوں کی گود میں پلے ہیں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں نے ایک دہائی تک میڈیا اور سیاستدانوں کی جانب سے یہود مخالف حملوں (اور ہفتہ وار قتل کی دھمکیوں اور میرے گھر کے باہر مظاہرے) کے بعد 2004 میں پاکستان چھوڑ دیا تھا لیکن یہ سلسلہ اب تک جاری ہے‘۔

خیال رہے کہ جمائما نے یہ بیان پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے آزاد کشمیر کے جلسے میں دیے گئے ایک بیان کے ردعمل میں جاری کیا تھا جو مریم نواز نے وزیراعظم کے خطاب کے جواب میں دیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے 18 جولائی کو آزاد کشمیر کے ضلع میر پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کے نواسے جنید صفدر پر تنقید کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’کمزور جیلوں میں جائے اور طاقتور این آر او لے لے اور باہر جاکر بیٹھ جائے اور اپنے پوتے کا پولو میچ دیکھے، یہ پوتا جو برطانیہ میں پولو میچ کھیل رہا ہے، کشمیر کے کتنے لوگ باہر رہتے ہیں کبھی ان سے پوچھیں کہ وہاں کس طرح کے لوگ پولو کھیلتے ہیں، یہ بادشاہوں کا کھیل ہے عام آدمی نہیں کھیل سکتا، اس کے لیے بہت پیسہ چاہیے تو اس کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا؟ یہ آپ کا پیسہ ہے جو یہاں سے باہر گیا ہے‘۔

جس کے بعد اسی روز 18 جولائی کو آزاد کشمیر کے علاقے دھیر کوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے اپنے بیٹے پر کی گئی تنقید کا جواب دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ وہ تو آج وہاں کی پولو کی ٹیم کا کپتان بن کر پاکستان کی عزت میں اضافہ کررہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ’عمران خان کہتے ہیں کہ وہ پوتا، وہ پوتا نہیں نواسا (جنید) ہے، وہ نواسا باہر جا کر پولو کھیل رہا ہے، کہتے ہیں کہ اس کے پاس پولو کے پیسے کہاں سے آئے’۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں بچوں تک نہیں جانا چاہتی تھی لیکن جیسی بات کریں گے اب منہ توڑ جواب ملے گا، وہ نواز شریف کا نواسا ہے، گولڈ اسمتھ کا نواسا نہیں، وہ نواز شریف کا نواسا ہے، یہودیوں کی گود میں نہیں پل رہا’۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے جلسے جاری ہیں جس میں حکومت اور اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے پر تنقید کررہی ہیں۔

واضح رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ ایک برطانوی شہری ہیں جنہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ 1995 میں شادی کی تھی۔

عمران خان اور جمائما خان کی یہ شادی 2004 تک برقرار رہی، جس کا اختتام طلاق کی صورت میں ہوا تھا۔

عمران خان اور جمائما گولڈ اسمتھ کے 2 بیٹے ہیں، جن میں سے ایک سلیمان عیسٰی خان 1996 میں پیدا ہوئے جبکہ دوسرے بیٹے قاسم خان 1999 میں پیدا ہوئے۔

علیحدگی کے بعد جمائما گولڈ اسمتھ برطانیہ واپس چلی گئیں اور اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ وہیں رہائش پذیر ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Sami Jul 21, 2021 12:31am
Maryam nawaz has no shame left...

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024