شلپا شیٹی کے شوہر سمیت دو افراد فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار
بولی وڈ کی ماضی کی ’مست‘ گرل شلپا شیٹی کے شوہر صنعت کار راج کندرا سمیت دو افراد کو پولیس نے لڑکیوں کو بلیک میل کرنے اور ان کی فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
راج کندرا پر گزشتہ چند سال سے لڑکیوں کو بولی وڈ فلموں میں کام دلوانے کے بہانے ان کی فحش فلمیں بنانے جیسے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ ان کی گرفتاری ہوئی ہے۔
بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق راج کندرا کو ممبئی پولیس نے 19 جولائی کو گرفتار کرکے جیل منتقل کیا۔
شلپا شیٹی کے شوہر کے خلاف رواں برس فروری کے آغاز میں تعزیرات ہند کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ اور خواتین کی تذلیل کرنے جیسے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔
راج کندرا کے خلاف ملواڑی پولیس تھانے میں فحش فلمیں بنانے اور خواتین کی تذلیل کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا، جس کے بعد کرائم برانچ پولیس نے ان کے خلاف تفتیش شروع کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شلپا شیٹی کے شوہر کی کمپنی نے عریاں اوڈیشن کا مطالبہ کیا، ماڈل کا دعویٰ
پولیس نے راج کندرا کو 19 جولائی کو گرفتار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اداکارہ کے شوہر کے خلاف شواہد موجود ہیں جب کہ ان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے واضح نہیں کیا تھا کہ راج کندرا کے خلاف کس طرح کے شواہد حاصل کرلیے گئے ہیں اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ ان کے خلاف کس نے مقدمہ دائر کروایا تھا۔
راج کندرا کے بعد ممبئی پولیس نے 20 جولائی کو اسی کیس میں مزید ایک اور شخص ریان جوہن کو بھی گرفتار کرلیا۔
انڈیا ٹوڈے نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ریان جوہن کو بھی گرفتار کرلیا لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ انہیں علیحدہ فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے یا پھر انہیں اداکارہ کے شوہر کے ساتھی کے طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔
راج کندرا کی گرفتاری ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کہ رواں برس فروری میں ساگریکا شونا سمن نامی ماڈل نے دعویٰ کیا تھا کہ ان سے شلپا شیٹی کے شوہر کی کمپنی نے فلموں میں کام دلوانے کے بہانے برہنہ اوڈیشن دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
ماڈل نے بتایا تھا کہ انہیں 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران امیش کامت نامی شخص نے فون کرکے فلموں میں کام کی پیش کش کی اور مطالبہ کیا کہ وہ فون پر برہنہ اوڈیشن دیں۔
ماڈل کے مطابق امیش کامت نے انہیں بتایا کہ وہ راج کندرا کی کمپنی کے ملازم ہیں۔
مذکورہ ماڈل کے دعووں سے قبل بھی متعدد ماڈلز اور اداکارائیں یہ دعویٰ کر چکی ہیں کہ انہیں بھی بلیک میل کرکے انہیں فحش فلموں میں کام کرنے پر مجبور کیا گیا۔
علاوہ ازیں بولی وڈ کی متعدد اداکارائیں ماضی میں فحش فلمیں بنانے اور جسم فروشی جیسے الزامات میں گرفتار بھی ہو چکی ہیں اور بعض ہدایت کاروں پر بھی فحش فلمیں بنائے جانے کے الزامات لگتے رہتے ہیں۔
تاہم پہلی مرتبہ طاقتور اور اہم شخصیت راج کندرا کی گرفتاری پر بولی وڈ میں پریشانی پھیل گئی ہے جب کہ کئی اداکار شلپا شیٹی کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا ساتھ بھی دے رہے ہیں۔
شلپا شیٹی نے راج کندرا سے نومبر 2009 میں شادی کی تھی اور انہیں دو بچے بھی ہیں۔
شوہر کی طرح ماضی میں شلپا شیٹی پر بھی عریانیت پھیلانے کے الزامات لگتے رہے ہیں اور انہیں اپنی بعض تصاویر اور ویڈیوز پر قانونی کارروائیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔