• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

مشرق وسطیٰ، امریکا سمیت متعدد ممالک میں عید الاضحیٰ منائی جارہی ہے

شائع July 20, 2021
بیت المقدس میں بڑی تعداد میں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی —تصویر: رائٹرز
بیت المقدس میں بڑی تعداد میں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی —تصویر: رائٹرز

سعودی عرب، فلسطین، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور دیگر خلیجی ریاستوں، یورپ، امریکا، کینیڈا، انڈونیشیا، جاپان اور افغانستان کے علاوہ دنیا کے دیگر خطوں میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔

عید الفطر کے علاوہ مسلمانوں کا دوسرا اہم ترین تہوار عیدالاضحیٰ ہے جو قمری کیلنڈر کے آخری مہینے ذوالحج کی 10 تاریخ سے 12 تاریخ تک منائی جاتی ہے۔

عید الاضحیٰ میں مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کرتے ہیں اور اس کا گوشت، غربا و مساکین کے علاوہ عزیز و اقارب میں تقسیم کرتے ہیں۔

فلسطینی مسلمان جانور کی قربانی کرتے ہوئے—تصویر: رائٹرز
فلسطینی مسلمان جانور کی قربانی کرتے ہوئے—تصویر: رائٹرز

گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی اہم مسلمان ممالک بشمول پاکستان، متحدہ عرب امارات اور الجزائر نے عید کے اجتماعات کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔

اسی طرح رواں برس بھی محدود پیمانے پر حج کا انعقاد کیا گیا جس میں سعودی عرب میں مقیم ان 60 ہزار افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی جنہوں نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی تھی اور کسی دائمی بیماری کا شکار نہیں ہوئے تھے۔

سعودی عرب میں حجاج آج شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد واپس مکہ جائیں گے، حجاج کرام کو سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر سینیٹائزڈ کنکریاں فراہم کی ہیں۔

دنیا کے بیشتر ممالک میں عید الاضحیٰ کا آغاز عید کی دو رکعت نماز کی ادائیگی کے ساتھ ہوا جبکہ افغانستان کے صدارتی محل میں نماز عید کی ادائیگی کے دوران قریبی مقام پر راکٹ آگرے۔

امریکی خبررساں ادارے 'اے پی' کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا میں کورونا وبا کے بدترین پھیلاؤ کے باعث بڑے اجتماعات پر پابندی ہونے کے باوجود مساجد کے باہر نمازِ عید ادا کی گئی اور جانور قربان کیے گئے۔

مسجد نبویﷺ میں نمازِ عید کی ادائیگی کا ایک منظر — تصویر: حرمین ٹوئٹر
مسجد نبویﷺ میں نمازِ عید کی ادائیگی کا ایک منظر — تصویر: حرمین ٹوئٹر

سب سے زیادہ مسلمان آبادی والا یہ ملک کورونا وائرس کی بدترین لپیٹ میں ہے اور گزشتہ روز یہاں وبا کے باعث ایک ہزار 338 افراد لقمہ اجل بنے، چنانچہ عید کے موقع پر عوام کو سفر سے روکنے کے لیے سڑکوں پر ناکے قائم کیے گئے اور اندرون، ملک پروازوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔

دوسری جانب بنگلہ دیش نے کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن میں عید الاضحیٰ کی وجہ سے 8 روز کا وقفہ دیا تھا تا کہ لوگ خریداری اور اہلِ خانہ کے ساتھ عید منانے کے لیے گھروں کو سفر کرسکیں۔

سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق ہمسایہ ملک چین میں بھی آج عید الاضحیٰ منائی جارہی ہے، بیجنگ میں پاکستان سفارتخانے کی مسجد میں نمازِ عید ادا کی گئی جس میں پاکستانی سفیر، معین الحق، سینئر سفارتکاروں، عہدیداروں، کاروباری افراد، اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

فلپائن میں بڑی تعداد میں خواتین نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے موجود—تصویر: رائٹرز
فلپائن میں بڑی تعداد میں خواتین نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے موجود—تصویر: رائٹرز

نماز عید کے بعد جانوروں کی قربانی کی گئی اور ایک دوسرے سے مبارکباد کا تبادلہ کیا گیا، چین میں 10 سے زائد مختلف نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 2 کروڑ مسلمان آباد ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت سمیت چند ممالک میں عید الاضحیٰ کل منائی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024