• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

آئمہ بیگ اور فرحان سعید پر ٹیلر سوئفٹ کو کاپی کرنے کا الزام

شائع July 20, 2021
نہ چھیڑ ملنگاں نوں کو 23 جولائی کو ریلیز کیا جائے گا—فوٹو: انسٹاگرام
نہ چھیڑ ملنگاں نوں کو 23 جولائی کو ریلیز کیا جائے گا—فوٹو: انسٹاگرام

گلوکارہ آئمہ بیگ اور فرحان سعید نے حال ہی میں جب اپنے آنے والے نئے گانے ’نہ چھیڑ ملنگاں نو‘ کی جھلکیاں شیئر کیں توں لوگوں نے ان پر معروف امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ کو کاپی کرنے کا الزام عائد کیا۔

آئمہ بیگ نے 18 جولائی کو انسٹاگرام پر اپنے آنے والے گانے کی جھلک جاری کی تھی، جس میں انہیں فرحان سعید کے ساتھ رومانوی انداز میں دیکھا گیا۔

جاری کی گئی جھلک میں آئمہ بیگ کے سفید رنگ کی ٹی شرٹ اور خاکی پینٹ میں جب کہ فرحان سعید کو بھی اسی رنگ کے لباس میں دیکھا گیا۔

’نہ چھیڑ ملنگاں نوں‘ میں آئمہ بیگ اور فرحان سعید نہ صرف آواز کا جادو جگاتے دکھائی دیں گے بلکہ اس میں ماڈلنگ بھی کرتے دکھائی دیں گے۔

گانے کی موسیقی بلال سعید نے ترتیب دی ہے جب کہ عدنان قاضی نے تخلیقی ہدایت کار کی خدمات سر انجام دی ہیں۔

مذکورہ گانے کی جھلکیاں گلوکار فرحان سعید نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں جب کہ بلال سعید نے بھی گانے کی جھلکیوں کو شیئر کیا لیکن معاملہ اس وقت بگڑا جب لوگوں نے گانے کی جھلکیاں دیکھنے کے بعد آئمہ بیگ اور فرحان سعید پر ٹیلر سوئفٹ کے انداز کو کاپی کرنے کا الزم عائد کیا۔

کئی لوگوں نے فرحان سعید اور آئمہ بیگ کی پوسٹس پر کمنٹس کیے اور انہیں یاد دلایا کہ دراصل انہوں نے ٹیلر سوئفٹ کے 2014 کے مشہور گانے ’وائلڈسٹ ڈریم‘ کے انداز کو کاپی کیا ہے۔

آئمہ بیگ اور فرحان سعید کے گانے کی جھلکیوں اور ٹیلر سوئفٹ کے گانے کے مناظر اور فیشن میں یکسانیت دیکھنے کے بعد لوگوں نے جب گانے کی ٹیم پر الزامات عائد کیے تو گانے کے تخلیقی ہدایت کار عدنان قاضی نے تسلیم کیا کہ انہوں نے ٹیلر سوئفٹ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے گانا بنایا ہے۔

عدنان قاضی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ 2008 میں جب انہوں نے کیریئر شروع ہی نہیں کیا تھا تب انہوں نے ٹیلر سوئفٹ کا گانا ’لو اسٹوری‘ سنا تھا تو اس کے سحر میں گم ہوگئے تھے۔

عدنان قاضی کے مطابق تب انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ شوبز انڈسٹری میں آئیں گے لیکن تب ہی انہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ جب بھی وہ کچھ بنائیں گے تو ٹیلر سوئفٹ کے اسی گانے جیسا ہی بنائیں گے۔

انہوں نے لکھا کہ وقت گزرتا گیا اور پھر فرحان سعید ان کے پاس آئے اور انہوں نے گلوکار کو بتایا کہ وہ کس طرح کا گانا بنانا چاہتے ہیں، جس پر گلوکار نے انہیں اپنی مرضی کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی اور ان پر اعتماد کیا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ یہ دعویٰ نہیں کر رہے کہ ان کی ویڈیو ٹیلر سوئفٹ سے اچھی ہے مگر ان کے لیے اعزاز کی بات ہوگی کہ ان کا گانا ’وائلڈسٹ ڈریم‘ جیسا ہو۔

ساتھ ہی انہوں نے ٹیلر سوئفٹ سمیت جوزف خان کا بھی شکریہ ادا کیا اور ’نہ چھیڑ ملنگاں نوں‘ کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔

’نہ چھیڑ ملنگاں نوں‘ کو عید کے تیسرے دن 23 جولائی کو ریلیز کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024