• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان کورونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں 30ویں نمبر پر آگیا

شائع July 19, 2021
پی ایم اے نے عوام سے کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عملدرآمد کی درخواست کی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
پی ایم اے نے عوام سے کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عملدرآمد کی درخواست کی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے 15 ہزار کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پاکستان ان ممالک کی فہرست میں 30ویں نمبر پر آگیا جہاں کورونا وبا کے پھیلاؤ سے اب تک سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اب تک ملک میں اب تک 9 لاکھ 91 ہزار 727 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ بھارت میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد اور امریکا میں سب سے زیادہ یعنی 3 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ کیسز کی تعداد میں سب سے خطرناک بات کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کی موجودگی ہے اور ایک مرتبہ پھر کووِڈ سے متعلق اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد کی اپیل کی۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کی مقامی سطح پر منتقلی کی تصدیق

گوجرانوالہ میں ضلعی حکام نے پاک فوج سے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کی درخواست کی۔

گوجرانوالہ میں صحت کی ضلعی افسر ڈاکٹر فریحہ اکرم ملک نے ڈان کو بتایا کہ ضلعی کمشنر سہیل خواجہ نے ایس او پیز کے نفاذ میں عملدرآمد میں مدد کے لیے فوجیوں کی تعیناتی کی درخواست کی ہے۔

علاوہ ازیں گوجرانوالہ کے کچھ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی لگادیا گیا ہے جہاں داخلی و خارجی مقامات پر نگرانی کے لیے ٹیمز تعینات ہیں، ضلع میں اب تک 390 افراد کورونا کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔

ملک میں وائرس کی چوتھی لہر کے خدشے کے پیشِ نظر پی ایم اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ 'ذمہ دار شہری بنیں اور اپنے آپ کو اور دوسروں کو عالمی وبا کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں'۔

مزید پڑھیں:لاہور میں کورونا کی ڈیلٹا قسم کے 50 کیسز نے خطرے کی گھنٹی بجادی

خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک 19 کروڑ سے زائد افراد کووِڈ 19 سے متاثر ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر کا کووِڈ ڈیٹا مرتب کرنے والی ورلڈ میٹرز انفو نامی ویب سائٹ کے مطابق برازیل ایک کروڑ 90 لاکھ کیسز کے ساتھ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا تیسرا ملک ہے جبکہ فرانس، ترکی اور برطانیہ میں 50، 50 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں۔

ممالک کی فہرست میں 35 لاکھ کورونا کیسز کے ساتھ ایران 13ویں، انڈونیشیا 28 لاکھ کیسز کے ساتھ 15ویں، بنگلہ دیش 11 لاکھ سے زائد کیسز کے ساتھ 24ویں اور متحدہ عرب امارات 6 لاکھ 60 ہزار کیسز کے ساتھ 40وں اور سعودی عرب 5 لاکھ کیسز کے ساتھ 45ویں نمبر پر موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024