• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

آزاد کشمیر میں سلیکٹڈ کے جلسے نے مسلم لیگ (ن) کی فتح کی تصدیق کردی، مریم نواز

شائع July 18, 2021
—فوٹو:ڈان نیوز
—فوٹو:ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ کے باغ میں اے ٹی ایم کے باوجود ناکام جلسے نے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی فتح پر مہر ثبت کردی ہے۔

آزاد کشمیر کے علاقے دھیر کوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی مقامی تنظیم نے بتایا تھا کہ جلسہ باغ میں ہوگا اور دھیر کوٹ میں استقبال ہوگا، اگر یہ استقبال ہوتا ہے تو پھر جم غفیر کیا ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی آمد پر انہیں کشمیر فروش کا تاج پہنایا جائے، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان اور پوری دنیا میں مسلم لیگ (ن) کی آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کے سب سے زیادہ چرچے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دھیر کوٹ سے نیلم ویلی، نیلم ویلی سے مظفر آباد سمیت جہاں جہاں میں گئی ہوں وہاں صرف ایک آواز ہے نواز شریف، آزاد کشمیر میں عوام نے تعاون کرکے تاریخ رقم کردی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ نواز شریف کی قربانی ضائع نہیں گئی، نواز شریف کی قربانیاں رنگ لائی ہیں اور وہ رنگ یہ ہے کہ دھیر کوٹ میں بھی ایک بیٹی پلے کارڈ اٹھا کر کھڑی ہے جس میں لکھا ہوا ہے ووٹ کو عزت دو۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4، 5 سال سے بہت سنا کرتے تھے کہ نواز شریف کو مائنس کردیں گے، نواز شریف کو مائنس کرنے کے خواب دیکھنے والو! آؤ دھیر کوٹ، آؤ آزاد کشمیر اور اپنی آنکھوں سے دیکھو کہ اللہ نے نواز شریف کو مائنس نہیں ہونے دیا بلکہ اللہ تعالیٰ، پاکستان اور کشمیر کے عوام نے نواز شریف کو پلس پلس پلس کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کہا گیا تھا کہ کشمیر کی خواتین روایت پسند ہیں اور ان کو ووٹ ڈالنے کی اجازت بھی نہیں ہے لیکن مجھے آج بہت خوشی ہوئی کہ ووٹ ڈالنے تو ضرور جائیں گے جبکہ جلسے میں اتنی بڑی تعداد موجود ہیں۔

جلسے میں موجود خواتین کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ آپ جیسی بہادر خواتین کو دیکھ کر مجھے پکی اُمید ہوگئی ہے کہ آزاد کشمیر کی ساری خواتین مریم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز یہاں اپنی جنگ لڑنے نہیں آئی، مریم نواز یہاں آپ سے ووٹ مانگنے بھی نہیں آئی، مریم نواز شریف آپ کو یہ کہنے آئی ہے کہ مریم نواز اور مریم نواز کا کشمیر سے رشتہ اتنا ہی مضبوط ہے جتنا مریم نواز اور نواز شریف کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے جوانو! میں آپ کے جذبے کو دیکھ کر ایک بات کی گواہی دے سکتی ہوں کہ یہ الیکشن نہیں، یہ تبدیلی بھی نہیں یہ انقلاب ہے، نواز شریف کو مبارک ہو، آپ کا دشمن ہار گیا ہے اور آپ جیت چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف ان جلسوں میں موجود نہیں ہیں لیکن سوشل میڈیا پر براہ راست ان جلسوں کو دیکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اتنی قربانیوں، جدوجہد کے بعد پاگل نہیں کہ ڈیل کرلیں، مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ دھیر کوٹ والو! کل سلیکٹڈ باغ کے سرکاری جلسے میں آیا تھا، چلو آؤ مل کر سلیکٹڈ وزیراعظم کا شکریہ ادا کریں کہ کل کے جلسے نے پورے پاکستان، پورے آزاد کشمیر اور پوری دنیا کے سامنے اس بات پر مہر تصدیق ثبت کردی کہ الیکشن صرف اور صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ کل کا جلسہ نہ کرتے تو شاید ان کا کچھ بھرم رہ جاتا ہے، شاید ان کو دو چار سیٹیں ملتی تو کہتے کہ جلسہ تھا، ہوسکتا ہے ان کے چاہنے والے موجود ہوں لیکن اب کل کا جلسہ ایک نئے نویلی پیسے بنانے کی مشین ڈھونڈ لی ہے، کسی غریب کے پاس جاتا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نے سوچا کہ مسلم لیگ (ن) کے جنون کا جواب دینے کے لیے باغ سے الیکشن مہم شروع کرتا ہوں کہ باغ میں پی ٹی آئی کا ایسا امیدوار ہے جس کا دور دور تک پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا تعلق صرف نوٹ سے ہے اور بوٹ سے ہے لیکن اب نوٹ کا وقت بھی چلاگیا اور بوٹ کا وقت بھی چلا گیا، کل باغ کے عوام نے جو نوٹ اور بوٹ کو شکست دی ہے، اس پر ہاتھ جوڑ کر سب کو سلام پیش کرتی ہوں۔

وزیراعظم عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نے سوچا پیسے والے کے پاس جاؤں گا جن کو عمران خان کے وزرا ‘دو ٹکے کے کشمیری‘ کہتے ہیں، انہوں نے سوچا شاید نئی نویلی اے ٹی ایم مشین کے پاس جاؤں گا تو وہ پیسے دے کر لوگوں کو اکٹھا کرے گی لیکن کل کروڑوں روپے خرچ کرکے بھی عبرت کا مقام تھا۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ دو سیٹوں والو یاد رکھنا، تمہاری 2016 میں بھی دو سیٹوں کی اوقات تھی اور آج بھی دو سیٹوں کی اوقات تھی، نواز شریف سے مقابلہ کرنے آئے ہو، نواز شریف کے پاس اے ٹی ایمز نہیں ہیں لیکن ان کے ساتھ اللہ اور عوام کی طاقت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طاقت کی وجہ سے نواز شریف نے، تمہیں 3 سال سے حکومت میں ہونے کے باوجود کراچی سے خیبر تک ہر جگہ لوگوں نے مسترد کیا ہے، جس کو سیم پیچ کہتا تھا اب وہ شیم پیج بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل سرکاری خرچے پر ووٹ مانگنے آیا تو وہ آپ کے ٹیکس کے پیسے اور محنت کی کمائی کا پیسہ ہیلی کاپٹر اور گاڑیوں کے پیٹرول میں جھونک کر آیا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ ایسے انسان کو آزاد کشمیر کی دہلیز سے بھی دور رکھنا، جس کا نہ عوام سے کوئی واسطہ ہے، نہ عوام کی مشکلات سے کوئی واسطہ ہے اور نہ ان کو عوام کی تکلیف کا احساس ہے، جس نے عوام کی روٹی، آٹا اور چینی چھینی اور ان کو ایک کلو چینی کے لیے عوام کو فقیر بنا دیا، جس نے عوام کی بجلی، گیس اور عوام کا سکون چھینا، کل بڑی ڈھٹائی سے کہہ رہا تھا پہلے پاکستان میں تبدیلی آئی ہے اب آزاد کشمیر میں تبدیلی لاؤں گا۔

ان کا کہنا تھاکہ یہ جملہ کہنے کے لیے بھی کشمیر کے پہاڑوں جتنی بڑی ڈھٹائی کی ضرورت ہے کیونکہ جو تبدیلی پاکستان میں لائے ہو اس کو تبدیلی نہیں تباہی اور بربادی کہتےہیں اور وہ تبدیلی جو اصل میں غریب کی تبدیلی اور برباری ہے اس کو کشمیر میں مسلط کرنا چاہتےہو۔

وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ اگر تم نے آزاد کشمیر کے ووٹ پر نظر رکھی اور ووٹ چھیننے کی کوشش کی تو یاد رکھیں دھیر کوٹ اور آزاد کشمیر والے تمھارا برا حال کرنے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ جو نعرے لگاتےہیں کہ بچہ بچہ کٹ مرے گا کشمیر صوبہ نہیں بنے گا تو اسی لیے وہ آزاد کشمیر پر نظر لگا کر بیٹھا ہوا ہے کیونکہ یہاں اپنا کٹھ پتلی وزیراعظم لا کر آزاد کشمیر کی برائے نام آزادی، پہچان، شناخت کو چھین کر پاکستان کا صوبہ بنانا چاہتا ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نےدعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر میں وہ بعد میں آیا ہے لیکن آزاد کشمیر کو پاکستان کا صوبہ بنانے کا فیصلہ بہت پہلے ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو صرف ووٹ نہیں ڈالنا بلکہ اپنے ووٹ پر پہرہ بھی دینا ہے اور اپنا امیدوار جیت نہ جائے گھر واپس نہ آنا اور کوئی ووٹ چوری کرتے ہوئے پکڑا جائے تو اس کو چھوڑنا نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024