• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ایس ایم ایس کے منتظر افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے کی اجازت

شائع July 18, 2021
ملک میں روزانہ تقریباً 5 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں روزانہ تقریباً 5 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے فیصلہ کیا ہے کہ ویکیسن لگوانے کے لیے سینٹر آنے والے کسی فرد کو ویکسین لگائے بغیر واپس نہیں بھیجا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا کہ جب کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے کے خواہشمندوں کو موصول ہونے والا ایس ایم ایس دکھانے میں ناکامی پر ویکسینیشن مراکز سے واپس بھیجا گیا۔

ایک دوسری پیش رفت میں پاکستان کو ایسٹرازینیکا ویکسین کی 12 لاکھ 30 ہزار خوراکیں موصول ہوگئیں جو عالمی اتحاد کویکس کی جانب سے بھیجی گئی چوتھی کنسائمنٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فائزر ویکسین حاملہ خواتین کو کووڈ سے بچانے کے لیے 78 فیصد تک مؤثر

اس وقت ملک میں روزانہ تقریباً 5 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے اور عید الاضحیٰ کے پہلے روز ویکسینیشن سینٹر بند رہیں گے۔

ترجمان وزارت صحت ساجد شاہ نے ڈان کو بتایا کہ این سی او سی کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ ویکسین کی دوسری خوراک کا وقت ہونے پر بڑی تعداد میں لوگ ویکسینیشن سینٹر پہنچے لیکن انہیں عملے نے یہ کہہ کر واپس بھجوادیا کہ وہ 1166 سے میسج ملنے کے بعد ویکسینیشن سینٹر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ 'این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ اس طرح کے کسی بھی فرد کو واپس نہیں بھیجا جائے گا، ہمارے پاس بڑی مقدار میں ویکیسنز موجود ہیں اور دوسری خوراک لگنے کا وقت ہونے پر یہ لوگوں کو لگائی جائے گی'۔

مزید پڑھیں: سوشل میڈیا پر ویکسین سے متعلق غلط معلومات ہلاکتوں کا سبب بن رہی ہیں، امریکی صدر

انہوں نے مزید کہا کہ 'ویکسین کی پہلی خوراک لگواتے وقت لوگوں کو بتایا گیا کہ 3 یا 4 ہفتوں بعد دوسری خوراک لگے گی لہٰذا انہیں واپس نہ بھیجا جائے'۔

ترجمان وزارت صحت کا کہنا تھا کہ این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ویکسینیشن سینٹرز کے عملے کے لیے ایک چھٹی ہوگی اور مراکز عید کے پہلے روز بند رہیں گے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم روزانہ 5 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگارہے ہیں تا کہ عملے کو بھی اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ عید گزارنے کا موقع مل سکے، مزید یہ کہ لوگ عید کے پہلے روز ویکسینیشن سینٹرز نہ جائیں۔

ساجد شاہ نے کہا کہ ہفتے کے روز پاکستان کو کوویکس کے ذریعے ایسٹرازینیکا کی 12 لاکھ 36 ہزار خوراکیں موصول ہوئی ہیں۔

کوویکس کی سربراہی مشترکہ طور پر کولیشن فار یپیڈیمک پریپرڈنیس انوویشن، گاوی ویکسین الائنس اور عالمی ادارہ صحت کررہے ہیں جو ایک عالمی اقدام ہے جو دنیا بھر میں کم اور متوسط آمدن والے مالک کے لیے ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے حکومتوں اور مینوفیکچررز کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کوویکس پروگرام کے تحت کووڈ ویکسینز کی ترقی پذیر ممالک کو فراہمی کا آغاز

اس اشتراک نے پاکستان کی 20 فیصد آبادی کے لیے مفت ویکسین فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا جس کے تحت ایسٹرازینیکا، فائزر اور موڈرنا ویکیسنز کی 3 کنسائمنٹس پاکستان کو موصول ہوچکی ہیں۔

گلف کووآپریشن کونسل اور پاکستان کے علاقائی صدر سامع الفانگری نے کہا کہ 'میں ایسٹرازینیکا ویکسین کی مزید خوراکیں پاکستان کو موصول ہونے پر خوش ہوں اور اسے ممکن بنانے کے لیے کوویکس میں اپنے شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام شراکت دار کوشش کررہے ہیں کہ جتنے زیادہ افراد تک جتنی زیادہ ویکسین پہچانا ممکن ہو پہنچائی جائے، یہ سنگ میل وبائی امراض کے خلاف لڑنے کے لیے حکومتوں، صنعتوں اور دیگر کے ایک سات کام کرنے کی قدر کو واضح کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024