پی آئی اے کو 'سکوک ون' کی بُک بلڈنگ سے 5 ارب روپے سے زائد حاصل
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے 'سکوک ون' کی بُک بلڈنگ کے عمل سے 5 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد حاصل کر لیے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مرکزی ایئرلائن نے کراچی کے ایک ماہ کے انٹربینک کے کٹ آف قیمت کے ریٹ (کائی بور) سے 100 بیسز پوائنٹس (ایک فیصد) کی پیشکش پر یہ رقم حاصل کی۔
یہ سال 2021 کا پہلا اسلامی بانڈ ہے جسے حکومت کی حمایت حاصل ہے اور اسے سرمایہ کاری کرنے والے اداروں کی قانونی لیکویڈٹی ضروریات کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
بینک اسلامی کے سربراہ برائے سرمایہ کاری حارث منور نے ڈان سے بات کرتے ہوئے 10 سالہ بانڈ کے لیے کٹ آف قیمت کی تصدیق کی۔
بینک اسلامی نے اس معاملے میں مشیر اور تین بک رنرز میں سے ایک کا کردار ادا کیا۔
حارث منور نے کہا کہ تقریباً 25 اہل سرمایہ کاروں نے بک بلڈنگ کے عمل میں حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: کیبور سے کم شرح پر سکوک کا حصول، حکومت پر مارکیٹ کے اعتماد کا ثبوت ہے، عمران خان
بک بلڈنگ کا عمل 20 ارب روپے کی رقم حاصل کرنے کے لیے کیا گیا جس میں 5 ارب روپے کا گرین شو آپشن بھی شامل تھا تاہم سرمایہ کاروں کا متاثر کن ردعمل نہیں آیا جس سے وزارت خزانہ اور پی آئی اے کو یہ عمل مجبوراً 5 ارب 70 کروڑ روپے تک محدود کرنا پڑا۔
پی آئی اے، سرمایہ کاری کی ضروریات اور جزوی تصفیہ کے موجودہ روایتی /اسلامک فنانسنگ کی سہولیات کے لیے سکوک کے عمل کو مستقل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
حارث منور نے کہا کہ یہ بانڈ حال میں جاری کیے گئے توانائی سکوک سے زیادہ منافع بخش ہے لیکن کچھ سرمایہ کار کورونا وائرس سے متعلق سفری پابندیوں کے باعث پیچھے ہٹ گئے ہیں جس سے دنیا بھر کی ایئرلائنز کا کاروبار متاثر ہوا ہے۔
یہ بانڈ نجی طور پر جاری کیے گئے لیکن جلد پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں لسٹ ہوجائیں گے۔