• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مختصر وقت کیلئے چمن بارڈر کھول دیا گیا

شائع July 16, 2021
طالبان کی جانب سے ویش اور دیگر علاقوں پر قبضے کے بعد پاکستان نے سرحد بند کردی تھی— فائل فوٹو: رائٹرز
طالبان کی جانب سے ویش اور دیگر علاقوں پر قبضے کے بعد پاکستان نے سرحد بند کردی تھی— فائل فوٹو: رائٹرز

کوئٹہ: افغان طالبان سے رضامندی لینے کے بعد پاکستان نے چمن میں موجود سرحدی گزرگاہ جمعرات کے روز 3 گھنٹوں کے لیے کھولی تاکہ سرحد پر پھنسے افراد اپنے اپنے ملک واپس جاسکیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق طالبان کی جانب سے ویش اور دیگر علاقوں پر قبضے کے بعد پاکستان نے سرحد بند کردی تھی, جس کی وجہ سے دونوں اطراف لوگ پھنس گئے تھے۔

چمن میں سرکاری عہدیداران نے سرحد کھولنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا گیا کیوں کہ سرحد کے دونوں جانب خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں افراد پھنسے ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: طالبان کا چمن سے ملحقہ افغان سرحد پر قبضہ کرنے کا دعویٰ

مقامی انتظامیہ کے ایک سینیئر عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ سرحد کھلنے کے بعد باب دوستی کے ذریعے افغانستان سے مریضوں سمیت تقریباً 800 افغان پاکستان میں داخل ہوئے جبکہ ویش میں پھنسے 160 پاکستانیوں کو بھی وطن واپس آنے کی اجازت دی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سرحد صرف پیدل چلنے والوں کے لیے 3 گھنٹے تک کھلی رہی۔

سرحدی حکام کا کہنا تھا کہ اس بات کا اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا کہ جمعہ کے روز بھی سرحد کھولی جائے گی کہ نہیں۔

دوسری جانب موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق طالبان نے پاک ۔ افغان سرحد کے ساتھ موجود علاقوں پر قبضہ کرنے کے بعد تمام اہم چوکیوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور ویش کے علاوہ افغانستان کے ضلع اسپن بولدک میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔

مزید پڑھیں: طالبان کا افغانستان کے 85 فیصد حصے پر قبضہ کرنے کا دعویٰ

اس ضمن میں جب ایک لیویز عہدیدار سے بذریعہ فون رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ طالبان جنگجوؤں نے افغان حکومت کے دفاتر بھی اپنے قبضے میں لے لیے ہیں، ہم دیکھ سکتے ہیں کہ مسلح طالبان اپنے جھنڈے لہراتے ہوئے باب دوستی پر افغانستان کے حصے میں بیٹھے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ طالبان نے ویش میں سرکاری عمارت اور باب دوستی سے افغانستان کا قومی پرچم اتار دیا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

ُpak Jul 16, 2021 10:31am
انکا کووڈ ٹیسٹ ہوا ہیں؟؟

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024