• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کی مقامی سطح پر منتقلی کی تصدیق

شائع July 16, 2021
کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم اب تک 95 ممالک میں رپورٹ ہوچکی ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم اب تک 95 ممالک میں رپورٹ ہوچکی ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کی مقامی سطح پر منتقلی شروع ہو چکی ہے۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے کیسز مثبت آنے کی سب سے بلند شرح گلگت بلتستان میں ریکارڈ کی گئی جو 23 فیصد تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق صرف ایک ماہ کے دوران ملک میں کووِڈ 19 کے فعال کیسز کی تعداد میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سے یو اے ای جانے والوں کیلئے تصدیق شدہ ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ لازمی قرار

سینیٹر ہمایوں مہمند کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس ہوا جس میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ڈیلٹا قسم کا پھیلاؤ رپورٹ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی یہ قسم اب تک 95 ممالک میں رپورٹ ہوچکی ہے اور اب پاکستان میں پھیل رہی ہے، تاہم ہم پاکستان میں اس کے کیسز کی درست تعداد نہیں بتا سکتے کیوں کہ جیو سیکوینسنگ ایک ہفتے میں مکمل ہوتی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر جیو سیکوینسنگ کرنا ممکن نہیں ہے، برطانیہ ایسا کرنے میں کامیاب رہا کیوں کہ اس کے پاس وسائل ہیں۔

معاون خصوصی صحت نے بتایا کہ کراچی میں وائرس کی جنوبی افریقی قسم بھی رپورٹ ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا کی چوتھی لہر سامنے ہے‘، عیدالاضحیٰ پر پابندیوں کا عندیہ

پاک ویک (کین سائنو) کے بارے میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں ویکسین کی آزمائش کی گئی اور کلینکل ٹرائل میں تمام افراد نے رضاکارانہ طور پر شرکت کی تھی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں شرکا نے ملک بھر میں کورونا کیسز مثبت آنے کی بڑھتی ہوئی شرح پر تشویش کا اظہار کیا۔

این سی او سی کی دستاویز کے مطابق کراچی میں جمعرات کو مثبت کیسز کی شرح 19.29 تک جاپہنچی جس میں 21 ہزار 876 افراد قرنطینہ جبکہ 834 ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جس میں 61 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

اس کے بعد مظفر آباد میں مثبت کیسز کی شرح 21 فیصد، راولپنڈی میں 12 فیصد، پشاور میں 9.42 فیصد، کوئٹہ میں 7 فیصد اور اسلام آباد میں 6.22 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت کا کورونا کی زیادہ 'خطرناک' اقسام ابھرنے کا انتباہ

اس ضمن میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ 'مریضوں کی ہسپتالوں میں آمد اور تشویشناک مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ شروع ہوگیا ہے'۔

اسد عمر نے کہا کہ 'وائرس کی بھارتی قسم نے خطے کے ممالک میں تباہی مچائی ہے، مہربانی کر کے ایس او پیز پر عمل کریں اور جتنی جلد ممکن ہو ویکسین لگوائیں، اپنے اور دیگر افراد کی زندگی خطرے میں نہ ڈالیں۔

خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2 ہزار 327 نئے کیسز سامنے آئے اور 31 مریض دم توڑ گئے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 43 ہزار 670 ہوگئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024