• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

مرینہ خان اور شہناز شیخ 35 برس بعد اسکرین پر ایک ساتھ نظر آنے کیلئے تیار

شائع July 15, 2021
تنہائیاں کو 1985 میں پی ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
تنہائیاں کو 1985 میں پی ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

پاکستان کے مقبول ترین ڈرامے ’تنہائیاں’ میں بہنوں کے کردار میں نظر آنے والی شہناز شیخ اور مرینہ خان 35 برس کے وقفے کے بعد اسکرین پر ایک ساتھ نظر آنے کے لیے تیار ہیں۔

گزشتہ روز پی ٹی وی ہوم کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں ’تنہائیاں’ ڈرامے سے مرینہ خان اور شہناز شیخ کی تصاویر موجود تھیں اور ساتھ ہی 35 سال بعد لکھا ہوا تھا

ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ مرینہ خان اور شہناز شیخ، دونوں اداکارائیں 35 برس صرف پی ٹی وی ہوم پر نظر آئیں گی۔

مزید پڑھیں: 'دھوپ کنارے' کے بعد 'آہٹ' اور'تنہائیاں' بھی سعودیہ میں نشر ہوں گے

اس سے چند روز قبل پی ٹی وی ہوم کی جانب سے تنہائیاں ڈرامے کی دھندلی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ’ 35 سال بعد،ایک بار پھر، ایک ساتھ صرف پاکستان ٹیلی ویژن پربہت جلد’۔

تاہم مذکورہ دونوں ٹوئٹس میں پی ٹی وی ہوم کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ شہناز شیخ اور مرینہ خان دوبارہ کسی ڈرامے میں نظر آئیں گی یا پھر ’تنہائیاں’ ہی کو پھر سے نشر کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ ’تنہائیاں‘ کو پہلی بار 1985 میں پی ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا، یہ ڈراما ہر دور کے مقبول ڈراموں میں شمار ہوتا ہے۔

’تنہائیاں‘ میں شہناز شیخ، آصف رضا میر، بدر خلیل، بہروز سبزواری اور مرینہ خان جیسے اداکاروں نے اسے کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیے تھے، اس ڈرامے کے ہر اداکار نے اپنے کردار سے مکمل انصاف کیا تھا اور اسے شاہکار بنا دیا۔

حسینہ معین کا اسکرپٹ اور شہزاد خلیل کی ہدایات میں بننے والا یہ ڈراما 2 بہنوں کے گرد گھومتا ہے جو ایک حادثے میں اپنے والدین سے محروم ہوجاتی ہیں اور خالہ کے ساتھ مل کر زندگی کی مشکلات کا سامنا کرتی ہیں۔

زندگی کے نشیب و فراز سے گزرتے اور منزل کی جانب سفر جاری رکھتے ہوئے ان کا واسطہ کئی دلچسپ کرداروں سے پڑتا ہے اور یہ سفر دیکھنے والوں کو بھی اپنے ساتھ باندھے رکھتا ہے۔

یہ ڈراما اس قدر مقبول ہوا کہ اسے پی ٹی وی سمیت کئی چینلز پر متعدد بار نشر کیا جاچکا ہے اور اس کا شمار پاکستان کے بہترین ڈراموں میں ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے کامیاب ڈرامے 'تنہائیاں' کے کردار کا انتقال

تاہم پی ٹی وی کی جانب سے مبہم انداز میں دونوں اداکاراؤں کے اسکرین پر ساتھ نظر آنے کا ذکر تو کیا گیا لیکن پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ٹاک شو ’اسٹار اینڈ اسٹائل‘ کے میزبان عاصم یار تیوانہ کے مطابق شہناز شیخ اور مرینہ خان دراصل ان کے شو میں نظر آئیں گی۔

عاصم یار کی جانب سے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ماضی کی مقبول اداکاراؤں کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی گئیں ہیں جس میں وہ شو کے سیٹ پر موجود ہیں۔

علاوہ ازیں عاصم یار کی جانب سے پی ٹی وی نیوز کی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا گیا تھا۔

پی ٹی وی نیوز کی ٹوئٹ کے مطابق مرینہ خان اور شہناز شیخ دراصل 35 سال بعد ایک ساتھ تو نظر آئیں گی لیکن اس بار وہ ڈرامے میں اداکاری کرتے نہیں بلکہ شو میں بطور مہمان شرکت کریں گی۔

عاصم یار کے اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک اور پوسٹ میں بتایا گیا کہ مرینہ خان اور شہناز شیخ کا شو عید کے دنوں میں نشر ہوگا تاہم اس کا وقت اور دن تاحال نہیں بتایا گیا۔

خیال رہے کہ ’تنہائیاں‘ ڈراما نشر ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں اداکارائیں پی ٹی وی پر ایک ساتھ نظر آئیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024