• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پسنی: دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید

شائع July 15, 2021
حملے کے نتیجے میں کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زبان نے جامِ شہادت نوش کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
حملے کے نتیجے میں کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زبان نے جامِ شہادت نوش کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی کے خدا بخش بازار میں دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے ایک افسر اور ایک سپاہی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں نے امپرووائزڈ ایکسپلوزیو ڈیوائس (آئی ای ڈی) سے سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا۔

بیان کے مطابق حملے کے نتیجے میں کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان نے جامِ شہادت نوش کیا، جبکہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: دہشت گردوں کے دیسی ساختہ بم حملے میں ایف سی کے 4 اہلکار شہید

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دشمن ایجنسیوں کی حمایت سے دہشت گردوں کی اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان میں سخت محنت سے حاصل کیے گئے امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز ہر طرح سے اس قسم کے گھناؤنے افعال کو بے اثر کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے اواخر میں بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دستے پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید ہوئے تھے۔

سبی کے علاقے سنگن میں دہشت گردوں نے ایف سی کی پیٹرولنگ پارٹی کو نشانہ بنایا تھا جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے جوان شہید ہوئے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران ایف سی کا جوان شہید

قبل ازیں کوئٹہ میں دہشت گردوں نے دیسی ساختہ بم حملے میں فرنٹیئر کور کے 4 جوانوں کو شہید کردیا تھا۔

دہشت گردوں نے مارگیٹ مائنز کی سیکیورٹی پر مامور ایف سی کے جوانوں کو مارگیٹ روڈ کوئٹہ میں دیسی ساختہ بم استعمال کرتے ہوئے نشانہ بنایا۔

اس سے قبل جون میں ہی بلوچستان کے ضلع خاران میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن (آئی بی او) کے دوران ایف سی کا ایک جوان شہید ہوگیا تھا۔

اسی طرح یکم جون کو بلوچستان میں ہوئے 2 حملوں کے نتیجے میں ایف سی کے 4 اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024