• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’لال سنگھ چڈھا’ کی شوٹنگ کے دوران آلودگی پھیلانے کا الزام، عامر خان پروڈکشن کی تردید

شائع July 14, 2021
گزشتہ دنوں عامر خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فلم کی شوٹنگ کے لیے لداخ کا دورہ کیا تھا—فائل فوٹو:انسٹاگرام
گزشتہ دنوں عامر خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فلم کی شوٹنگ کے لیے لداخ کا دورہ کیا تھا—فائل فوٹو:انسٹاگرام

بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس، عامر خان پروڈکشنز نے فلم ’لال سنگھ چڈھا ’ کے عملے کی جانب سے لداخ میں شوٹنگ کے مقام کے آلودہ کرنے اور جگہ پر کچرا پھیلانے کو دعووں کو مسترد کردیا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں عامر خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فلم کی شوٹنگ کے لیے لداخ کا دورہ کیا تھا اور فلم کے مناظر کی عکسبندی کی تھی۔

تاہم عامر خان اور ان کی ٹیم کے دورے کے لگ بھگ ایک ہفتے کے بعد سوشل میڈیا پر شوٹنگ لوکیشن کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں یہ الزام عائدکیا گیا کہ بولی وڈ سپراسٹار کی ٹیم نے وہاں آلودگی پھیلائی ہے۔

مزید پڑھیں: طلاق کے بعد عامر خان اور کرن راؤ کی رومانوی تصویر پر مداح حیران

جگمت نامی ٹوئٹر صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ بولی وڈ اسٹار عامر خان کی آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا نے لداخ میں واکھا کے لوگوں کے لیے یہ تحفہ چھوڑا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ عامر خان ویسے تو ماحولیاتی صفائی کی بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں لیکن جب خود پر بات آتی ہے تو ایسا ہوتا ہے۔

اب عامر خان پروڈکشنز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے آلودگی پھیلانے سے متعلق مذکورہ الزامات کی تردید کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں عامر خان پروڈکشنز نے کہا کہ ’اے کے پی (عامر خان پروڈکشنز) یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ بطورِ کمپنی ہم شوٹنگ کے مقامات پر اور اس کے اردگرد صفائی کے قواعد پر سختی سے عمل کرتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہماری ایک ٹیم ہے جو اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ جس جگہ پر شوٹنگ کی جارہی ہے وہ ہر وقت گندگی سے پاک رہے۔

مزید کہا گیا کہ ’دن کے اختتام پر پوری جگہ کا ایک مرتبہ پھر جائزہ لیا جاتا ہے، پورے شیڈول کے اختتام پر ہم یقینی بناتے ہیں کہ ہم جگہ کو اسی طرح صاف ستھرا چھوڑیں جیسی وہ ہمیں ملی تھی‘۔

یہ بھی پڑھیں: ترک خاتون اول سے ملاقات پر عامر خان ’غدار وطن‘ قرار

عامر خان پروڈکشنز کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ’کچھ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ہماری جانب سے شوٹنگ کی جگہ کو صاف نہیں چھوڑا گیا ہم ایسے دعووں کی سختی سے تردید کرتے ہیں‘۔

مزید کہا گیا کہ ’ہماری لوکیشن ہمیشہ متعلقہ مقامی حکام کے لیے کھلی ہیں وہ جب چاہیں آکر چیک کرسکتے ہیں‘۔

—پرومو فوٹو
—پرومو فوٹو

خیال رہے کہ عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ میں ان کے مدمقابل کرینہ کپور ادا کررہی ہیں جسے رواں سال کرسمس پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024