دیا مرزا کے ہاں قبل از وقت بچے کی پیدائش
رواں برس فروری میں دوسری شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ دیا مرزا کے ہاں دوسرے بچے کے پیدائش ہوئی ہے۔
دیا مرزا نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر اپنے بچے کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ دراصل ان کے ہاں دو ماہ قبل بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر بچے کے ہاتھ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تفصیلی پوسٹ میں بتایا کہ بعض طبی پیچیدگیوں کے باعث ان کے ہاں 14 مئی کو اور وقت سے کچھ ہفتے قبل ہی بچے کی پیدائش ہوئی۔
اداکارہ نے بتایا کیا کہ دوران حمل ان میں بعض طبی پیچیدگیاں ہوگئی تھیں، جن کی بروقت تشخیص نے انہیں بڑے خطرے سے بچالیا اور ڈاکٹرز نے مئی کے وسط میں ہنگامی بنیادوں پر ان کی سرجری کرکے بچے کی قبل از وقت پیدائش کروائی۔
دیا مرزا کے مطابق سرجری کے ذریعے وقت سے کچھ ہفتے قبل ہی بچے کی پیدائش ہونے کی وجہ سے ان کا بچہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل رہا مگر اب اس کی صحت بہتر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دیا مرزا نے صنعت کار ویبھو ریکھی سے دوسری شادی کرلی
اداکارہ نے شکرانے ادا کیے کہ ان کی اور ان کے بچے کی زندگی بچ گئی اور ڈاکٹروں کی بروقت تشخیص اور علاج نے انہیں بہت بڑے مسئلے اور مصیبت سے بچایا۔
دیا مرزا نے بتایا کہ انہوں نے بیٹے کا نام آریان آزاد ریکھی رکھا ہے اور اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش پر وہ اور ان کے شوہر ویبھو ریکھی بہت خوش ہیں۔
اداکارہ نے نیک تمنائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی انہوں نے ڈاکٹروں اور بچے کی دیکھ بھال کرنے والی نرسز کی بھی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
دیا مرزا کی جانب سے اپنے ہاں بچے کی پیدائش کی پوسٹ شیئر کیے جانےکے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: کیا دیا مرزا شادی سے قبل ہی حاملہ ہوگئی تھیں؟
خیال رہے کہ دیا مرزا نے رواں برس فروری کے وسط میں صنعت کار ویبھو ریکھی سے شادی کرلی تھی اور اپریل میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ وہ امید سے ہیں۔
اداکارہ کی شادی کے چند ہفتوں بعد ہی ان کی جانب سے حاملہ ہونے کی تصدیق کرنے کے بعد اداکارہ کی تصویر میں ان کا بے بی بمپ بڑا نظر آنے پر چہ مگوئیاں تھیں کہ وہ شادی سے قبل ہی حاملہ ہوگئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: شادی سے قبل ہی 'اُمید' سے تھی، دیا مرزا کا اعتراف
بعد ازاں دیا مرزا نے مذکورہ خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ وہ شادی سے قبل حاملہ ہوگئی تھیں۔
دیا مرزا نے ویکھو ریبھی سے قبل صنعت کار ساحل سانگا سے 2014 میں شادی کی تھی، جن سے انہوں نے 2019 میں طلاق لی تھی جب کہ ان کے دوسرے شوہر ویبھو ریکھی کی بھی یہ دوسری شادی ہے۔