• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

امیتابھ بچن نے فلم میں کام کی پیش کش کی تھی، کومل رضوی

شائع July 13, 2021
امیتابھ بچن نے سوریا ونشم میں کام کی پیش کی تھی، کومل رضوی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
امیتابھ بچن نے سوریا ونشم میں کام کی پیش کی تھی، کومل رضوی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

نامور گلوکارہ و اداکارہ کومل رضوی نے انکشاف کیا ہے کہ بولی وڈ بگ بی امیتابھ بچن نے 1999 میں انہیں اپنے ساتھ فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی تھی۔

کومل رضوی نے ’ٹو بی آنیسٹ‘ شو میں بتایا کہ چوں کہ ان کی پیدائش متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں ہوئی تھی اور زندگی کے ابتدائی سال انہوں نے وہیں گزارے تو ان کی وہاں متعدد بولی وڈ شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں۔

کومل رضوی نے ایک سوال کے جواب میں ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سلمان خان اور سیف علی خان سمیت دیگر اداکاروں سے ملاقات کر چکی ہیں۔

ماضی میں ان سے متعلق چہ مگوئیاں ہوئیں تھیں کہ ان کے تعلقات سیف علی خان سے بھی رہے ہیں، تاہم انہوں نے اس طرح کی کوئی بات نہیں لیکن بتایا کہ جب وہ چھوٹے خان سے ملیں تو اس وقت وہ کم عمر تھیں۔

والدین نے بھارت میں کام سے منع کیاتھا، کومل رضوی—اسکرین شاٹ
والدین نے بھارت میں کام سے منع کیاتھا، کومل رضوی—اسکرین شاٹ

کومل رضوی کے مطابق انہوں نے کم عمری میں والد کے کہنے پر گلوکاری شروع کی، کیوں کہ ان کے والد کو ان کے دوست نے کہا تھا کہ بیٹی کو کہیں کہ ہمارے لیے ایک گانا گائیں۔

اداکارہ و گلوکارہ نے بتایا کہ اس طرح انہوں نے والد کے کہنے پر ہی 1997 کے مقبول ڈرامے ’ہوائیں‘ میں بھی کام کیا اور شہرت بٹوری۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ خود کو اداکارہ سے زیادہ گلوکارہ کے طور پر دیکھنا چاہتی ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے دونوں شعبوں میں کئی نئے ٹرینڈز متعارف کرائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ چوں کہ وہ بیرون ملک پیدا ہوئیں اور ابتدائی زندگی وہیں گزاری تو جب وہ پاکستان آئیں تو والدین نے انہیں یہاں کے حساب سے شلوار قمیض پہننے کی ہدایات کیں اور ساتھ ہی بتایا کہ خواتین شلوار قمیض میں ہی خوبرو دکھائی دیتیں ہیں جب کہ مرد اسی لباس میں خواتین سے بھی زیادہ پرکشش دکھائی دیتے ہیں۔

اداکارہ نے 2015 میں مرحوم معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے ساتھ لی گئی سیلفی اور اس پر ہونے والی تنقید پر بھی بات کی اور بتایا کہ انہوں نے ایدھی فاؤنڈیشن کے لیے فلاحی تقریب میں مفت میں گلوکاری کرنے کے بعد سیلفیاں بنوائی تھیں۔

گلوکارہ کے مطابق اس دن عبدالستار ایدھی کے پورے خاندان نے ان کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں، جس پر انہیں بھی ہمت ہوئی کہ وہ بھی سماجی رہنما کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں اور پھر انہی میں سے ایک سیلفی میں ایدھی صاحب کی ایک آنکھ بند تھی، جس وجہ سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

کومل رضوی کے مطابق انہوں نے مذکورہ سیلفی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے وقت اتنا غور نہیں کیا مگر بعد میں انہیں وہ سیلفی ہٹانے کے لیے بھی کہا گیا۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہیں 22 سال قبل امیتابھ بچن نے مشہور فلم ’سوریا ونشم‘ میں کام کرنے کی پیش کش کی تھی مگر انہیں ان کی والدہ نے منع کردیا۔

اداکارہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہیں دیگر بھارتی فلموں میں بھی کام کی پیش کش ہوئی تھی مگر گھر والوں نے انہیں کم عمر ہونے کی وجہ سے کام کرنے نہیں دیا اور پھر ان کی شادی کرادی گئی، جس وجہ سے وہ کچھ عرصہ شوبز سے دور رہی ہیں۔

خیال رہے کہ کومل رضوی نے 1996 کے مقبول گانے ’باؤجی باؤجی‘ سے شہرت حاصل کی، ساتھ ہی ان کے اس وقت کے مقبول ڈرامے ’ہوائیں‘ میں ان کے کردار کو کافی سراہا گیا، جس وجہ سے ان کی مقبولیت میں اور اضافہ ہوا۔

کومل رضوی نے انتہائی کم عمری میں کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک وہ متعدد ڈراموں میں کام کر چکی ہیں جب کہ وہ ٹی وی پر میزبانی بھی کر چکی ہیں۔

کومل رضوی کوک اسٹوڈیو میں بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکی ہیں، انہوں نے 2012 کے بعد شادی کی تھی، جس کے بعد وہ عمان منتقل ہوگئی تھیں۔

تاہم 2019 میں ان کی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی اور رواں برس اپریل میں انہوں نے پہلی بار اپنی شادی اور طلاق کے حوالے سے ندا یاسر کے’رمضان شو‘ میں کھل کر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ دراصل ان کے شوہر ذہنی مریض تھے۔

کومل رضوی کا کہنا تھا کہ شوہر نے انہیں گھر میں ایک طرح سے قید کر رکھا تھا اور ان پر ہر طرح کا تشدد کیا جاتا اورانہیں بھوکا رکھا جاتا تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ شادی کے بعد اگر کسی پڑھی لکھی خاتون کا شوہر غلط نکلے اور وہ خاتون بے یارو مددگار ہو جائے تو اس کے پڑھے لکھے ہونے یا مضبوط ہونے کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024