• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

طالبان نے غزنی شہر کا گھیراؤ کر لیا، گھروں میں مورچے بنا لیے

شائع July 12, 2021
افغان سیکیورٹی فورسز کیلئے شہریوں کے گھروں میں چھپے طالبان کیخلاف کارروائی کرنا مشکل ہو گیا—
افغان سیکیورٹی فورسز کیلئے شہریوں کے گھروں میں چھپے طالبان کیخلاف کارروائی کرنا مشکل ہو گیا—

طالبان نے وسطی افغانستان کے شہر غزنی کا گھیراؤ کر لیا ہے اور افغان سیکیورٹی فورسز سے لڑائی کے لیے شہریوں کے گھروں میں گھس کر مورچے بنا لیے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق یہ طالبان کا صوبائی دارالحکومت پر تازہ ترین حملہ ہے جہاں انہوں نے سیکیورٹی فورسز پر دباؤ مزید بڑھاتے ہوئے شہر کا گھیراؤ کر لیا ہے کیونکہ غیرملکی افواج کے جانے کے بعد ان کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'امریکیوں کی ایک اور نسل کو جنگ کیلئے افغانستان نہیں بھیجوں گا'

غزنی کی صوبائی کونسل کے رکن حسن رضائی نے کہا کہ غزنی شہر کی صورتحال انتہائی نازک ہے، طالبان شہریوں کے مکانات کو اپنے ٹھکانے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے افغان سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کررہے ہیں جس سے سیکیورٹی فوسرز کے لیے طالبان کے خلاف کارروائی کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔

اپریل میں امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ 11 ستمبر تک امریکی افواج کا افغانستان سے انخلا مکمل ہو جائے گا جس کے ساتھ ہی 20سال تک جاری رہنے والی امریکی تاریخ کی طویل ترین بھی اختتام پذیر ہو جائے گی۔

افغانستان میں جنگ کی سربراہی کرنے والے امریکی جنرل آسٹن ملر نے پیر کے روز اپنی کمان سے دستبردار ہوگ ئے جس کے ساتھ ہی امریکی کی طویل ترین جنگ کا علامتی طور پر اختتام ہو گیا ہے۔

قطر کے دارالحکومت میں طالبان اور حکومت کے مابین امن مذاکرات جاری ہیں لیکن حکام کا کہنا ہے کہ اس میں پیشرفت نہ ہونے کے برابر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں امن اب بھی قابل حصول ہے، پاکستان کی امریکا کو یقین دہانی

مقامی لوگوں نے بتایا کہ جنوبی صوبہ قندھار میں بھی دونوں فریقین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں روایتی طور پر طالبان بڑی تعداد میں موجود ہیں، کابل اور قندھار شہر کے درمیان مرکزی گزرگاہ غزنی ہے۔

قندھار میں طالبان کے خلاف مسلح افراد کے ہمراہ برسرپیکار ہونے والے سابق رکن پارلیمنٹ حمیدزئی لالے نے کہا کہ پچھلے چار دنوں سے مسلح طالبان مغربی سمت سے قندھار شہر پر حملہ کر رہے ہیں، افغان سکیورٹی فورسز بشمول خصوصی دستے طالبان کا مقابلہ کر رہے ہیں اور انہیں پیچھے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزارت دفاع کے ترجمان فواد امان نے کہا کہ قندھار کی صورتحال سیکیورٹی فورسز کے کنٹرول میں ہے جس نے حالیہ دنوں میں فضائی اور زمینی آپریشن انجام دیے ہیں۔

اب تک طالبان صوبائی دارالحکومتوں پر قابض نہیں ہوسکے ہیں لیکن انہوں نے افغان سکیورٹی فورسز پر دباؤ برقرار رکھا ہوا ہے کہ وہ ملک بھر میں ہونے والی کارروائیوں کا جواب دیں۔

مزید پڑھیں: طالبان کی کارروائیوں میں تیزی، ایک ہزار سے زائد افغان اہلکار تاجکستان فرار

اتوار کے روز سیکیورٹی فورسز نے ہوائی حملوں کی مدد سے تاجکستان کی سرحد سے متصل ایک اہم شمالی صوبے کے صوبائی مرکز تالقان پر طالبان کے حملے کو پسپا کردیا۔

پچھلے ہفتے طالبان مغربی صوبہ بادغیس کے دارالحکومت میں داخل ہو گئے تھے اور پولیس اور سیکیورٹی کی تنصیبات پر قبضہ کرنے کے بعد گورنر کے دفتر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024