• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

غلط فیصلوں نے عامر لیاقت کو نقصان پہنچایا، شائستہ لودھی

شائع July 12, 2021
لڑکیوں کو سمجھنا ہوگا کہ زندگی کے لیے ملازمت کے ساتھ خاندان بھی اہم ہے، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام
لڑکیوں کو سمجھنا ہوگا کہ زندگی کے لیے ملازمت کے ساتھ خاندان بھی اہم ہے، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام

سابق ٹی وی میزبان اور اداکارہ شائستہ لودھی نے کہا ہے کہ عامر لیاقت حسین کے کچھ غلط فیصلوں نے انہیں نقصان پہنچایا ورنہ وہ بہت ٹیلنٹڈ شخص ہیں۔

شائستہ لودھی اینکر وسیم بادامی کے ہمراہ ’ٹائم آؤٹ ود احسن‘ میں شریک ہوئیں، جہاں دونوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

طویل دورانیے کے پروگرام میں شائستہ لودھی نے بتایا کہ انہوں نے ’انڈس ٹی وی‘ کے ایک شو سے کیریئر کا آغاز کیا اور ابتدائی دور میں ہی انہیں اداکارہ میرا کا انٹرویو کرنا پڑا، جس دوران وہ پریشان ہوگئیں۔

شائستہ لودھی نے میرا کے ساتھ کیے گئے پروگرام کا واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ پروگرام سے قبل ان کا تعارف اداکارہ سے کروایا گیا اور اداکارہ نے دو بار ان کا نام غلط لیا۔

شائستہ لودھی کے مطابق میرا نے پہلے انہیں شمائلہ کہا پھر انجم کہا اور ان کے بولنے کا انداز بھی کچھ بدلا بدلا سا تھا۔

اسی حوالے سے ہی وسیم بادامی نے کہا کہ ایک دن ان کے پروگرام میں بھی میرا آئیں اور پرگرام شروع ہونے سے قبل انہیں بلاکر اداکارہ نے ان سے پوچھا کہ پروگرام کا میزبان کون ہے؟

شائسہ لودھی اور وسیم بادامی نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ میرا یہ سب کچھ جان بوجھ کر کرتی ہیں، ان کے مطابق اداکارہ حقیقی زندگی میں ہی ایسی ہیں۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے شائستہ لودھی نے کہا کہ خواتین کو متاثر کرنے کے لیے مرد کا سمجھدار ہونا لازمی ہے، خواتین اسی مرد میں دلچسپی لیتی ہیں جو سمجھدار ہوتے ہیں اور جن کا حس مزاح تیز ہوتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ان کے شوہر کا حس مزاح ان سے زیادہ تیز اور اچھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شائستہ لودھی نے شوبز کو کیوں خیرباد کہا، اب کیا کر رہی ہیں؟

شائستہ لودھی نے نوجوان لڑکیوں کو مشورے دینے کے سوال پر انہیں پیغام دیا کہ زندگی کو آگے بڑھانے کے لیے ملازمت پیشہ ہونا لازمی ہے لیکن لڑکیوں کو خاندان کی اہمیت کو بھی سمجھنا پڑے گا اور انہیں زندگی کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے اپنے اہداف کا تعین کرنا پڑے گا۔

اسی پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں انہوں نے اداکارہ نادیہ خان کے لیے دعائیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لیے خوش ہیں کہ انہوں نے دوبارہ شادی کرلی اور اپنے بچوں کے ساتھ خوش ہیں۔

اسی سیگمنٹ میں انہوں نے عامر لیاقت کے حوالے سے کہا کہ وہ بہت ہی ٹیلنٹڈ شخص ہیں مگر ان کے بعض غلط فیصلوں کی وجہ سے انہیں کافی نقصان پہنچا۔

اداکارہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ عامر لیاقت نے کون سی غلطیاں کیں—اسکرین شاٹ/یوٹیوب
اداکارہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ عامر لیاقت نے کون سی غلطیاں کیں—اسکرین شاٹ/یوٹیوب

اداکارہ سے جب پوچھا گیا کہ عامر لیاقت حسین نے کون سے غلط فیصلے کیے اور انہیں کیا نقصانات ہوئے تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ ان سوالوں کے جوابات نہیں دیں گی، تاہم بعد ازاں ہنستے ہوئے انہوں نے جواب دیا کہ عامر لیاقت نے بہت سارے ٹی وی چینل تبدیل کیے، جس وجہ سے انہیں نقصان پہنچا۔

اسی پروگرام میں وسیم بادامی نے اپنے کیریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر انہیں نیوز کاسٹر بننے کا شوق تھا اور ملک کے بہت بڑے نیوز چینل نے ان کا آڈیشن لینے سے پہلے ہی انہیں مسترد کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: شائستہ لودھی 4 سال بعد اسکرین پر واپسی کے لیے تیار

وسیم بادامی نے کہا کہ بہت بڑے نیوز چینل کی جانب سے مسترد کیے جانے پر وہ مایوس ہوگئے تھے، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور کچھ ہی عرصے میں انہیں ’اے آر وائے‘ پر موقع مل گیا، جس کے چند سال بعد انہیں مسترد کرنے والے چینل نے کام کی پیش کش کی تھی۔

وسیم بادامی نے کہا کہ وہ نچلے طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے خاندان میں کبھی بھی کوئی بھی صحافی، سیاستدان، جج یا فوجی نہیں رہا اور اسی وجہ سے ہی شروع میں انہیں مشکلات بھی پیش آئیں، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔

وسیم بادامی نے انکشاف کیا کہ بعض سیاسی پروگرامات کرنے پر انہیں آج تک معصومانہ انداز میں دھمکیاں ملتی ہیں اور ان سمیت ان کے اہل خانہ کو نقصان پہنچانے کی بھی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

وسیم بادامی نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں کون لوگ دھمکیاں دیتے ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ انہیں دھمکیاں دینے کا سلسلہ ختم نہیں ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024