• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

کبھی سوچا نہ تھا کہ اداکارہ بنوں گی، آمنہ الیاس

شائع July 12, 2021
آج تک کیمرے کے سامنے جاتے ہوئے گھبراتی ہوں، آمنہ الیاس—فائل فوٹو: انسٹاگرام
آج تک کیمرے کے سامنے جاتے ہوئے گھبراتی ہوں، آمنہ الیاس—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس نے کہا ہے کہ کیریئر کے آغاز میں انہوں نے کبھی سوچا نہ تھا کہ وہ اداکاری بھی کر سکتی ہیں اور اب تک انہیں کیمرے کے سامنے جاتے ہوئے گھبراہٹ سی ہو جاتی ہے۔

آمنہ الیاس نے ماڈلنگ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے کم عمری میں ہی ریمپ پر واک کرکے خود کو منوایا۔

ماڈلنگ کی دنیا میں نام بنانے کے بعد آمنہ الیاس ٹی وی کمرشلز میں دکھائی دیں، جس کے بعد حیران کن طور پر انہوں نے چھوٹی اسکرین سے قبل بڑی اسکرین پر اداکاری کی اور ان کی پہلی فلم ’زندہ بھاگ‘ 2013 میں ریلیز ہوئی۔

پہلی فلم ریلیز ہوتے ہی آمنہ الیاس کے لیے نئی دنیا کے دروازے کھلے اور وہ فلموں کے بعد ڈراموں میں بھی دکھائی دینے لگیں اور بعد ازاں انہوں نے تھیٹرز میں بھی کام کیا اور لوگوں کو اپنی اداکاری سے گرویدہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: آمنہ الیاس رنگ گورا کرنے والی کریمز کی تشہیر کرنے والی اداکاراؤں پر برہم

اگرچہ مداح آمنہ الیاس کو اچھی اداکارہ مانتے ہیں، تاہم وہ خود اعتراف کرتی ہیں کہ اب تک وہ کیمرے کے سامنے جاتے ہوئے نروس ہو جاتی ہیں اور انہوں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ وہ اداکارہ بنیں گی۔

’اردو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے آمنہ الیاس نے بتایا کہ ٹی وی کمرشلز کرنے اور سوشل میڈیا پر مختلف طرح کی ویڈیوز بنانے سے ان کا اعتماد بحال ہوا تھا مگر اس کے باوجود انہوں نے نہیں سوچا تھا کہ وہ اداکاری بھی کر سکتی ہیں۔

اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ماڈلنگ اور کمرشلز کرنے کے بعد جب پہلی بار انہیں فلم میں کام کی پیش کش ہوئی، تب انہیں احساس ہوا کہ شاید وہ اداکاری بھی کر سکتی ہیں، اس لیے ہی تو انہیں پیش کش ہوئی ہے۔

آمنہ الیاس کے مطابق ’زندہ بھاگ‘ میں اداکاری کی تعریفیں کیے جانے کے بعد ان کا حوصلہ بڑھا اور انہیں یقین ہوگیا کہ ان کی اداکاری میں جان ہے تبھی تو لوگ تعریفیں کر رہے ہیں۔

اداکارہ و ماڈل نے بتایا کہ اداکاری کی دنیا مین قدم رکھنا ان کے لیے چیلنجنگ ثابت ہوا، کیوں کہ ابتدائی طور پر انہیں ڈائیلاگ تک بولنے نہیں آتے تھے، انہیں یہ تک سمجھ نہیں آتا تھا کہ کہاں ڈائیلاگ کو ختم کرنا ہے اور پھر کہاں سے شروع کرنا ہے۔

آمنہ الیاس نے یہ اعتراف بھی کیا کہ کیریئر کے آغاز میں وہ بہت نروس ہوتی تھیں، ان کے منہ سے ڈائیلاگ نکلتے ہی نہیں تھے مگر آہستہ آہستہ ان کا اعتماد بحال ہوا لیکن تاحال وہ کیمرے کے سامنے جاتے ہوئے گھبرا جاتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ اداکاری کے شعبے میں خود کو محدود نہیں کرنا چاہتیں، انہیں جس طرح کا جو بھی کردار ملے گا وہ ادا کریں گی، کیوں کہ ان کی نظر میں اچھا اداکار وہی ہے جو ہر طرح کا کام کرے۔

وہ کہتی ہیں کہ انہیں آج بھی کیمرے کے سامنے اداکاری کرتے وقت ایسا لگتا ہے کہ جیسے وہ کوئی امتحان دے رہی ہوں۔

مزید پڑھین: 'خود کو پہچانو'، آمنہ الیاس کی ایک مرتبہ پھر رنگ گورا کرنے والی کریمز پر تنقید

آمنہ الیاس نے بتایا کہ انہیں اس مقام تک پہنچنے کے لیے اگرچہ بہت سارے دھکے کھانے نہیں پڑے مگر انہیں بہت محنت کرنی پڑی اور انہوں نے ہمیشہ کام پر فوکس کرکے غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح مانا۔

آمنہ الیاس آخری بار بڑی اسکرین پر 2019 کی مقبول فلم ’باجی‘ میں دکھائی دی تھیں جب کہ وہ چھوٹی اسکرین پر 2017 میں دکھائی دی تھیں۔

آمنہ الیاس اسٹیج پر بھی ڈرامے کرتی دکھائی دیتی ہیں جب کہ وہ گانوں میں ماڈلنگ سمیت فیشن شوز میں ریمپ پر واک بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں، علاوہ ازیں وہ سوشل میڈیا پر مزاحیہ ویڈیوز بھی بناتی رہتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024