• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

کٹھ پتلی کو بھگائیں گے مگر کشمیر کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، بلاول

شائع July 10, 2021
بلاول بھٹو نے کارکنوں سے کہا کہ کشمیر کو تبدیلی کی تباہی سے بچانا ہے—فوٹو: پی پی پی ٹوئٹر
بلاول بھٹو نے کارکنوں سے کہا کہ کشمیر کو تبدیلی کی تباہی سے بچانا ہے—فوٹو: پی پی پی ٹوئٹر

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی کو بھگائیں گے مگر کشمیر کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

آزاد کشمیر کے ضلع میر پور کے علاقے اسلام گڑھ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلام گڑھ کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے کہ 25 جولائی کو عوامی حکومت بناکر کٹھ پتلی راج کو کشمیر سے نکال پھینکے گے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان، مشرف کی طرح مودی کا بھی پولنگ ایجنٹ تھا، بلاول بھٹو

ان کا کہنا تھا کہ جو کشمیر کا دشمن اور مخالف ہے وہ پاکستان پیپلز پارٹی کا بھی دشمن ہے، ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے دکھ اور سکھ میں ان کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اگر پاکستان پیپلز پارٹی کسی کی مخالفت کرے گی تو وہ پالیسی اور دوغلی سیاست پر کرے گی نہ کہ گالم گلوچ اور ذاتیات پر کیونکہ نہ یہ بی بی شہید کی سیاست تھی اور نہ قائد عوام کی۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو بھارت 70 سال میں نہ خرید سکا، ان کشمیریوں کا ووٹ عمران خان کا کوئی وزیرکیسے خرید سکتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے تنخواہوں و پنشنز میں اضافہ کریں گے، نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے اور یہ کسی یوٹرن کا نہیں بلکہ پیپلزپارٹی کا وعدہ ہے اور عوام جانتےہیں کہ پی پی پی ہمیشہ اپنے وعدے نبھاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی کا ہمیشہ یہ فلسفہ رہا ہے کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام کریں گے، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیر کے عوام کریں گے، کوئی اور نہیں کرے گا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے نعرہ لگایا تھا کہ ہمارا نعرہ سب سے بھاری رائے شماری رائے شماری اور آج بھی ہماری سوچ اور فلسفہ ہے کہ ہم کشمیر کے عوام کی رائے کے مطابق چلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی کے جیالے اس کٹھ پتلی کو بھگائیں گے مگر کشمیر کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم مقبوضہ کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں اور آزاد کشمیر کے حقوق پر بھی سوداکرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ووٹ کی طاقت سے کشمیر میں حکومت بنائیں گے، بلاول بھٹو زرداری

انہوں نے کہا کہ ہم نے آپ کے ساتھ مل کر ضیاالحق اور مشرف جیسے آمروں کا مقابلہ کیا، آپ کے ساتھ مل کر میاں صاحب کا مقابلہ کیا اور اب ہم آپ کے ساتھ مل کر اس نالائق، نااہل، ناجائز اور سلیکٹڈ وزیراعظم کا مقابلہ کریں گے، اس کو بھی بھگائیں گے جیسے باقی سب کو بھگایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سلیکٹڈ اور نااہل وزیراعظم ہر پاکستانی سے روٹی، کپڑا اور مکان چھین رہا ہے، آپ نے کشمیر کو تبدیلی کی اس تباہی بچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی غربت ہے، تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی بے روزگاری اور تاریخی مہنگائی ہے۔

پی پی پی کے کارکنوں کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بہادر جیالوں نے کشمیر کو تبدیلی کی اس تباہی سے بچانا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024