• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

راولپنڈی میں کورونا وائرس کی 'ڈیلٹا قسم' کے 15 کیسز سامنے آگئے

شائع July 9, 2021
محکمہ صحت نے راولپنڈی ضلع کے 10 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دی جہاں سے ڈیلٹا کے کیسز سامنے آئے ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز
محکمہ صحت نے راولپنڈی ضلع کے 10 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دی جہاں سے ڈیلٹا کے کیسز سامنے آئے ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز

راولپنڈی: ڈویژنل کمشنر سید گلزار حسین شاہ نے بتایا ہے کہ ضلع راولپنڈی میں کووڈ 19 کی ڈیلٹا (بھارتی) قسم کے 15 کیسز کی تشخیص ہوئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے ہیلتھ اتھارٹی سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مطالبہ کیا اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس وائرس کے مزید پھیلاؤ سے بچنے کے لیے جلد از جلد خود کو ویکسین لگوائیں۔

انہوں نے کورونا صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں کہا کہ ’تمام سرکاری ملازمین 15 جولائی تک اپنی ویکسین کا سرٹیفکیٹ پیش کریں بصورت دیگر ان کی تنخواہیں روک دی جائیں گی‘۔

دوسری جانب محکمہ صحت نے ضلع راولپنڈی کے 10 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دی جہاں سے ڈیلٹا کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا کی چوتھی لہر کے آغاز کے واضح اشارے مل رہے ہیں، اسد عمر

ان علاقوں میں مصریال روڈ، اڈیالہ روڈ، ٹینچ بھٹہ، گلشن آباد، ڈھوک کشمیری، امر پورہ، خیابانِ سرسید، ڈھوک دلال اور جلالہ روڈ، ٹیکسلا شامل ہیں۔

تاہم ضلعی انتظامیہ نے ابھی تک صوبائی صحت حکام کی تجویز کے مطابق کارروائی کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

دریں اثنا دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے دو افراد سمیت اس وائرس سے تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 75 کے قریب لوگوں کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا اور 13 مریضوں کو صحتیابی کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کردیا گیا۔

گوجر خان کی رہائشی 52 سالہ نگہت شاہین کو 7 جولائی کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) لایا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔

ضلع میں 348 فعال کیسز ہیں، ہسپتالوں میں 92 اور گھر پر 253 افراد آئیسولیشن میں ہیں۔

نئے مریضوں میں سے 11 کنٹونمنٹ سے، پوٹوہار ٹاؤن سے 34، راول ٹاؤن سے 15، کہوٹہ اور ٹیکسلا سے 4، 4، گوجر خان، مری، اسلام آباد سے 2، 2 اور کے پی سے ایک مریض سامنے آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وائرس کی چوتھی لہر کا خطرہ ہے، عوام ماسک پہنیں، وزیر اعظم

نئے مریضوں میں سے 9 مریضوں کو ہولی فیملی ہسپتال، 7 کو بینظیر بھٹو ہسپتال (بی بی ایچ)، 13 کو راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی (آرآئی یو) اور 9 کو فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال (ایف ایف ایچ) میں داخل کیا گیا۔

اس کے علاوہ وینٹی لیٹر پر ایک مریض ہے، 26 آکسیجن پر ہیں اور 11 کی صحت مستحکم ہے۔

اسلام آباد

گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں 3.4 فیصد کی مثبت کیسز شرح کے ساتھ 104 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

عہدیداران نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 859 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 59 مرد اور 45 خواتین کے نتائج مثبت آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 30 سے 39 سال کی عمر کے گروپوں میں 25 کیسز رپورٹ ہوئے، اس کے بعد 20 سے 29 سال میں 24، 0 سے 9 میں 16، 40 سے 49 اور 50 سے 59 میں 12، 12، 60 سے 69 میں 8 اور 10 سے 19 سال کے درمیان کے لوگوں میں 7 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسی طرح جی سیون سے 10، لوئی بھیر سے 9، جی 11 اور علی پور سے 7، 7، بھارہ کہو اور کھنہ سے 5، 5، ایف ٹین سے 4، جی ٹین، ترلائی، آئی ٹین، ایف الیون، بری امام اور سہالہ سے 3، 3، جی نائن، آئی 8، سوہان، کورال، چرہ، ای سیون اور ایف 15 سے 2، 2 اور جی 6، روات، جی 8، ای 11، کری، ایف 6، ایف 7، راول ٹاؤن، جی 5 اور ایچ 13 سے ایک، ایک کیسز رپورٹ ہوئے۔

وفاقی دارالحکومت میں ایک ہزار 267 فعال کیسز ہیں، ان میں سے 62 ہسپتالوں میں داخل ہیں جن میں سے 57 آکسیجن پر اور 5 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیگر مریض اپنے گھروں میں آئیسولیشن میں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024