• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

نوجوان کسی صورت قبول نہ کریں کہ دنیا میں کوئی آپ سے بہتر کام کرسکتا ہے، اسد عمر

شائع July 8, 2021
اسد عمر نیشنل یوتھ کونسل کی تقریب حلف برداری سے خطاب کیا—فوٹو: ڈان نیوز
اسد عمر نیشنل یوتھ کونسل کی تقریب حلف برداری سے خطاب کیا—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے نیشنل یوتھ اسمبلی کا رکن بننے والے نوجوانوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے نصیحت کی کہ کسی صورت یہ بات قبول نہ کریں کہ دنیا میں کوئی آپ سے بہتر کام کر سکتا ہے۔

اسلام آباد میں نیشنل یوتھ کونسل کی تقریب حلف برداری سے خطاب کے دوران اسد عمر نے کہا کہ دنیا میں نوجوانوں کی سب سے بڑی تعداد پاکستان میں ہے لیکن ہمارے یہاں رواج ہے کہ نوجوانوں کو سوال کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

مزید پڑھیں:'پہلی مرتبہ پاکستان میں طویل المدتی منصوبہ بندی کی جارہی ہے'

انہوں نے کہا کہ سکندر اعظم نے 32 سال کی عمر میں آدھی دنیا کو فتح کرلیا تھا، ہمارے معاشرے میں جب تک آپ کی عمر 40 سال نا ہوجائے تب تک آپ کی بات سنجیدگی سے نہیں سنی جاتی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب تک آپ میدان میں نہیں اتریں گے آپ مسائل کو نہیں سمجھ سکتے، اسی طرح نوجوان جتنا اپنے مسائل سمجھ سکتے ہیں، اتنا میں نہیں سمجھ سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دنیا کے نوجوانوں سے سفارشات جمع کر کے یہ پروگرام شروع کیا، اب ہمیں یہ سمجھنا ہے کہ ان سفارشات کو نافذ العمل کیسے کریں گے اور اس میں نوجوانوں کا کیا کردار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ آپ لوگ مل کر لائحہ عمل تیار کریں کہ ہم نے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے کیا کرنا ہے، میں خوش نصیب ہوں کہ مجھے دنیا کے کامیاب ترین لوگوں کے ساتھ کام کرنے اور ان سے ملنے کا موقع ملا، میرا تجزیہ ہے کہ جتنا ٹیلنٹ برصغیر میں ہے کہیں اور نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ کسی صورت میں یہ بات قبول نہ کریں کہ دنیا میں کوئی آپ سے بہتر کام کر سکتا ہے۔

نوجوانوں کو مخاطب کرکے ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کو ضرور پڑھیں جس سے آپ کو اپنی صلاحتیوں کا اندازہ ہوگا، آپ خود پر اعتماد رکھیں اور دنیا سے سکھیں، اگر آپ اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں تو آپ اپنی ذات سے نکل کر اپنے علاقے اپنے ملک کا سوچیں، تب ہی آپ اپنی صلاحتیں استعمال کر سکتے ہیں۔

کامیاب جوان، کامیاب پاکستان ہے، عثمان ڈار

اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل کے ممبران کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے ' کامیاب نوجوان پروگرام' کی منظوری دے دی

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل یوتھ کونسل کے تحت منتخب نوجوان قومی اور عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے، ورکنگ گروپس نوجوانوں کی مہارتوں کو دیکھتے ہوئے بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا نظریہ ہے کہ نوجوانوں کو ان کے متعلقہ شعبے میں نمائندگی دی جائے تاکہ نوجوان اپنے مسائل کے حوالے سے بات کر سکیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو بلاتفریق مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، کامیاب جوان کامیاب پاکستان ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Inzimam ulhaq Jul 08, 2021 06:51pm
Well Done we will change our county inshallah ❤

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024