• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'خاتون' کا دلیپ کمار کی رشتے دار ہونے کا دعویٰ

شائع July 8, 2021
خاتون اداکار کے گھر روتی ہوئیں پہنچیں—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: فیس بک
خاتون اداکار کے گھر روتی ہوئیں پہنچیں—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: فیس بک

گزشتہ روز انتقال کر جانے والے بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار محمد یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی رشتہ دار ہونے کا دعویٰ کرنے والی خاتون سامنے آگئیں۔

دلیپ کمار طویل عرصے تک علیل رہنے کے بعد 7 جولائی کو 98 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کر گئے تھے، انہیں پھیپھڑوں میں انفیکشن، گردوں کے مسائل اور مثانے کا کینسر بھی لاحق تھا۔

’شہنشاہ جذبات‘ کہلائے جانے والے اداکار کے انتقال پر جہاں پاکستان اور بھارت میں ان کے مداح آبدیدہ دکھائی دیے، وہیں ان کی رحلت کے بعد گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ پر ایک عمر رسیدہ خاتون کو روتے ہوئے دیکھا گیا، جنہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ دلیپ کمار کی رشتہ دار ہیں۔

’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق دلیپ کمار کے انتقال کے بعد ان کی رہائش گاہ پر سیاہ لباس میں ملبوس ایک خاتون روتی ہوئی آئیں اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ لیجنڈری اداکار کی رشتے دار ہیں۔

عمر رسیدہ خاتون روتی رہیں—اسکرین شاٹ
عمر رسیدہ خاتون روتی رہیں—اسکرین شاٹ

رپورٹ کے مطابق عمر رسیدہ خاتون نے زبردستی دلیپ کمار کے گھر میں اندر داخل ہونے کی لوشش کی جب کہ کسی بھی عام فرد کو لیجنڈری اداکار کے گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔

لیجنڈری اداکار کے انتقال کے بعد ممبئی کی مقامی انتظامیہ نے ان کی رہائش گاہ پر سیکیورٹی کے انتظامات کے تحت اضافی پولیس نفری تعینات کر رکھی تھی۔

دلیپ کمار کی رہائش گاہ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے ہی مذکورہ خاتون کو اندر جانے نہیں دیا لیکن خاتون نے روتے ہوئے جذباتی انداز میں تمام حربے استعمال کرکے خود کو دلیپ کمار کی رشتے دار ثابت کرنے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں: ’شہنشاہ جذبات‘ دلیپ کمار انتقال کرگئے

بعد ازاں دلیپ کمار کے خاندان سے منسلک شخص نے تصدیق کی کہ مذکورہ خاتون ان کی رشتے دار نہیں ہیں۔

خاتون نے دلیپ کمار کی رہائش گاہ کے باہر روتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ وہ جلدی میں اداکار کے موت کی خبر سن کر دوڑی چلی آئیں اور وہ تصویر لانا بھول گئیں، جس سے ثابت ہوسکتا تھا کہ وہ شہنشاہ جذبات کی رشتے دار ہی ہیں۔

مذکورہ خاتون نے میڈیا کے سامنے روتے ہوئے دلیپ کمار کے حوالے سے بات کی اور کہا کہ وہ ایک اچھے اور پیارے انسان تھے۔

خیال رہے کہ دلیپ کمار نے سوگواروں میں صرف 75 سالہ اہلیہ سائرہ بانو کو چھوڑا ہے، انہیں کوئی بھی اولاد نہیں تھی۔

تاہم دلیپ کمار اور سائرہ بانو کے رشتے دار موجود ہیں لیکن گزشتہ شب اداکار کی وفات کے بعد ان کی رشتے دار ہونے کا دعویٰ کرنے والی خاتون کو شہنشاہ جذبات کے رشتے داروں نے پہنچاننے سے انکار کردیا اور تصدیق کی کہ وہ ان کے خاندان سے تعلق نہیں رکھتیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024