• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نصیر الدین شاہ 10 دن بعد ہسپتال سے ڈسچارج

شائع July 8, 2021
نصیر الدین شاہ تقریبا 10 دن ہسپتال میں رہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
نصیر الدین شاہ تقریبا 10 دن ہسپتال میں رہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ورسٹائل بولی وڈ اداکار 70 سالہ نصیر الدین شاہ کو صحت بہتر ہونے پر تقریبا 10 دن بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

نصیر الدین شاہ کو طبیعت خراب ہونے پر گزشتہ ماہ 29 جون کو ممبئی کے نجی ہسپتال ’ہندوجا‘ میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ان میں ’نمونیہ‘ کی تشخیص ہوئی تھی۔

ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز اور اداکار کے اہل خانہ کو اُمید تھی کہ نصیر الدین شاہ کو ہسپتال سے 3 جولائی تک ڈسچارج کردیا جائے گا مگر انہیں مزید کچھ دن تک زیر علاج رکھنے کے بعد 8 جولائی کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نصیر الدین شاہ کے بیٹے اداکار ووین شاہ نے تصدیق کی کہ ان کے والد کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا اور وہ اب گھر پر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نصیر الدین شاہ کے بیٹے نے انسٹاگرام اسٹوری میں والد اور والدہ رتنا پھاٹک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد گھر آگئے۔

اگرچہ انہوں نے والد کے گھر آنے کی تصدیق کی لیکن انہوں نے اداکار کی صحت سے متعلق کچھ بھی نہیں بتایا۔

یہ بھی پڑھیں: طبیعت ناساز ہونے پر نصیر الدین شاہ ہسپتال منتقل

اس سے قبل تین جولائی کو ہندوجا ہسپتال کی انتظامیہ، ڈاکٹرز اور نصیر الدین شاہ کے اہل خانہ نے بتایا تھا کہ اگرچہ اداکار کی صحت بدتریج بہتر ہو رہی ہے لیکن انہیں مزید کچھ دن تک ہسپتال میں رکھا جائے گا۔

اداکار کو 8 جولائی کو ڈسچارج کیا گیا—اسکرین شاٹ
اداکار کو 8 جولائی کو ڈسچارج کیا گیا—اسکرین شاٹ

ہسپتال میں داخل کیے جانے کے بعد رتنا پھاٹک نے بتایا تھا کہ نصیر الدین شاہ کے پھیپھڑوں میں درمیانے درجے کا انفکیشن ہے، جس کا علاج جاری ہے۔

اداکار کو ہسپتال داخل کرائے جانے پر متعدد شوبز شخصیات نے پریشانی کا اظہار کیا تھا جب کہ انہیں ایک ہفتے سے زائد وقت تک ہسپتال میں رکھے جانے پر بھی ان کے مداحوں نے ان کی صحت سے متعلق خدشات ظاہر کیے تھے۔

70 سالہ نصیر الدین شاہ کی صحت کے حوالے سے گزشتہ برس اپریل میں بھی مداحوں نے خدشات ظاہر کیے تھے اور بھارتی سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں تھیں کہ انہیں سنگین بیماری لاحق ہوگئی مگر ان کے اہل خانہ نے مذکورہ خبروں کو مسترد کیا تھا۔

اگرچہ ایک سال نصیر الدین شاہ کی صحت کے حوالے سے چہ مگوئیاں جاری تھیں مگر وہ ایک سال میں پہلی مرتبہ گزشتہ ہفتے ہسپتال داخل ہوئے تھے اور 10 دن میں انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

زائد العمری اور بیماری کی چہ مگوئیوں کے باوجود نصیر الدین شاہ شوبز منصوبوں میں مصروف دکھائی دیتے ہیں، وہ ٹی وی شوز سمیت فلموں اور ویب سیریز کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں۔

’پدما شری، پدما بھوشن اور نیشنل ایوارڈز‘ سمیت کئی فلمی ایوارڈز جیتنے والے نصیر الدین شاہ نے 1967 میں راجندر کمار اور سائرہ بانو کی فلم ’ارمان‘ سے اداکاری کا آغاز کیا مگر انہیں شہرت 1980 کے بعد ملنا شروع ہوئی۔

سات درجن سے زائد فلموں میں کام کرنے والے 70 سالہ اداکارہ نے کم عمری میں ہی اداکاری کا آغاز کیا اور زندگی کا نصف سے زیادہ حصہ شوبز میں گزارا۔

نصیر الدین شاہ کے 3 بچے ہیں، انہوں نے 2 شادیاں کیں، انہوں نے پہلی شادی مراد پروین نامی خاتون سے کی جو فوت ہوگئیں۔

انہوں نے دوسری شادی اداکارہ رتنا پھاٹک شاہ سے 1982 میں کی اور دونوں متعدد مرتبہ ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں۔

رتنا شاہ ہسپتال میں نصیر الدین شاہ کے ساتھ رہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
رتنا شاہ ہسپتال میں نصیر الدین شاہ کے ساتھ رہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024