• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

روس میں حادثے کا شکار طیارے کے ملبے سے 9 لاشیں برآمد

شائع July 7, 2021
روس میں مسافر طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں کی تلاش جاری — فوٹو؛ رائٹرز
روس میں مسافر طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں کی تلاش جاری — فوٹو؛ رائٹرز

روس کے فار ایسٹ ریجن کی مقامی انتظامیہ نے کہا ہے گزشتہ روز مضافات میں ہونے والے طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے 9 مسافروں کی لاشیں برآمد کر لی گئیں ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق منگل کو حادثے میں تباہ ہونے والے طیارے انٹونو اے این 26 میں 28 مسافر سوار تھے، طیارہ ضلع کمچٹکا کے پلانا ٹاؤن کی جانب جا رہا تھا اور بظاہر موسم کی خرابی کی وجہ سی یہاں لینڈنگ کے لیے آیا تھا۔

ساحلی علاقے اور سمندر میں طیارے کا ملبہ منگل کی رات کو ملا تھا اور رات کے اندھیرے کے باعث بدھ کی صبح تک امدادی کام مؤخر کردیا گیا تھا کیونکہ اندھیرے کی وجہ سے جائے حادثہ تک پہنچنا مشکل تھا۔

کمچٹکا کے گورنر ویلادمیر سلوڈوو نے بتایا کہ پہلے لاشوں کو سمندر سے نکالا جا رہا ہے، روسی وزارت برائے ہنگامی امور نے کہا کہ اب تک 9 لاشیں ملی ہیں اور ایک کی باقاعدہ شناخت بھی ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روس: مسافر طیارے سے حکام کا رابطہ منقطع، 2 درجن سے زائد مسافر لاپتا

اس سے قبل روسی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ طیارے میں سوار 6 افراد پر مشتمل جہاز کا عملہ اور 22 مسافروں میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا ہے، مقامی حکومت کے ترجمان کے مطابق پلانا کی مقامی حکومت کی سربراہ اولگا موکھیریوا بھی تباہ شدہ طیارے کے مسافروں میں شامل ہیں۔

ویلادمیر سلوڈوو کا کہنا تھا کہ بدھ سے وزارتِ ٹرانسپورٹ سمیت سرکاری حکام کا ایک گروپ پلانا جائے گا۔

کمچٹکا کے حکام نے طیارہ حادثے کے بعد تین روزہ سوگ کا اعلان کیا اور حکام کے مطابق ہلاک افراد کے اہل خانہ کو تین کروڑ 50 لاکھ روسی ربلز ( تقریباََ 47 ہزار 200 ڈالر) دیے جائیں گے، جس میں ائیرلائن کی جانب سے معاوضہ، انشورنس کی ادائیگی اور علاقائی حکومت کی جانب سے دی گئی سبسڈی بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ 2012 میں کمچٹکا ایوی ایشن انٹرپرائسز کا انٹونو اے این 28 طیارہ پہاڑوں کے درمیان اسی مقام پر حادثے کا شکار ہوا تھا جہاں منگل کو طیارے کے ساتھ حادثہ پیش آیا تھا۔

اس طیارے میں مجموعی طور پر 14 افراد سوار تھے، جن میں سے 10 ہلاک ہوگئے تھے، حادثے میں دونوں پائلٹس بھی ہلاک ہوگئے تھے، روسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ میں دونوں پائلٹس کے خون میں الکوحل کی موجودگی کے شواہد ملے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024