• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

دلیپ کمار کی شوکت خانم ہسپتال کیلئے خدمات بھلا نہیں سکتا، عمران خان

شائع July 7, 2021
ماضی میں دلیپ کمار شوکت خانم میموریل ہسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریبات میں شریک ہوئے تھے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
ماضی میں دلیپ کمار شوکت خانم میموریل ہسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریبات میں شریک ہوئے تھے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

وزیر اعظم عمران خان نے بولی وڈ لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی نسل کے ورسٹائل و لیجنڈری اداکار تھے۔

دلیپ کمار طویل علالت کے بعد 7 جولائی کی صبح 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

دلیپ کمار کے انتقال پر بھارتی وزیر اعظم و صدر سمیت وہاں کی اہم سیاسی شخصیات نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے جب کہ پاکستانی سیاسی، اسپورٹس و شوبز شخصیات نے بھی ان کے لیے مغفرت کی دعائیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’شہنشاہ جذبات‘ دلیپ کمار انتقال کرگئے

وزیر اعظم عمران خان نے بھی دیگر سیاسی شخصیات کی طرح دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں انہیں لیجنڈری اور ورسٹائل قرار دیا۔

وزیر اعظم نے اپنی ٹوئٹ میں دلیپ کمار کی خدمات کا بھی اعتراف کیا اور بتایا کہ جب وہ کینسر کے مرض کے علاج کے لیے شوکت خانم میموریل ہسپتال بنا رہے تھے تب لیجنڈری اداکار فنڈز جمع کرنے کی مہم میں شریک ہوئے تھے۔

عمران خان نے بتایا کہ دلیپ کمار کی جانب سے فنڈ ریزنگ کی مہم میں لندن اور پاکستان میں منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کے باعث ہی انہیں شروعاتی 10 فیصد فنڈز ملے اور اس وقت فنڈز حاصل کرنا مشکل تھا۔

وزیر اعظم نے دلیپ کمار کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ان کے کردار کو کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔

انہوں نے اپنی دوسری ٹوئٹ میں شہنشاہ جذبات کو اپنے عہد کا لیجنڈری اور ورسٹائل اداکار قرار دیا۔

وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شریف نے بھی لیجنڈری اداکار کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شوبز کی دنیا کا درخشاں ستارہ قرار دیا۔

انہوں نے لکھا کہ دلیپ کمار نہ صرف بہترین اداکار تھے بلکہ انہوں نے کئی سماجی و فلاحی منصوبوں میں بھی شرکت داری کی۔

ان کی طرح پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا اور لکھا گیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اداکار کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں نہ صرف برصغیر بلکہ فلمی دنیا میں بھی شہنشاہ جذبات کے حوالے سے یاد رکھا جائے گا۔

گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور ساتھ ہی اپنی ٹوئٹس میں اداکار کی ایک پرانی ویڈیو بھی شیئر کر ڈالی۔

عمران اسمٰعیل اور فیصل جاوید خان نے دلیپ کمار کی جانب سے شوکت خانم میموریل ہسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب کی پرانی ویڈیوز شیئر کیں، جس میں وہ عمران خان کی تعریف کرتے دکھائی دیے۔

فیصل جاوید خان نے عمران خان اور دلیپ کمار کی پرانی تصاویر بھی ٹوئٹ کیں۔

پرانی ویڈیوز میں دلیپ کمار کو عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے اور یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ انہوں نے بالنگ اور بیٹنگ کرتے کرتے پاکستانیوں کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔

ساتھ ہی دلیپ کمار کو پاکستانیوں کو اس بات کی مبارک باد بھی دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ انہیں عمران خان جیسا شخص ملا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024