جرمنی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں گلگت بلتستان کی مدد کرے گا
گلگت: پاکستان میں تعینات جرمن سفیر برنارڈ شلاگہک نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کم کرنے کے لیے تعاون کیا جائے گا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے جرمنی کے سفیر سے ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ نے جرمنی کی جانب سے صحت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں گلگت بلتستان کے ساتھ تعاون کو سراہا۔
خالد خورشید خان نے جرمن سفیر کو بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان، گلگت بلتستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے لیے 3 ارب 70 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کے فضائی سفر کیلئے ویکسین سرٹیفکیٹ لازمی قرار
انہوں نے کہا کہ اس ضلع میں سیاحت، معدنیات اور شعبہ توانائی کے حوالے سے بے شمار سہولیات ہیں۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے جرمن سفیر کو آگاہ کیا کہ خطہ موسمیاتی تبدیلی کے زد میں ہے اور ہم اس کے اثرات کم کرنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے مدد چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں توانائی کی فراہمی میں بہتری اور بپلک ۔ پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نئے پاور ہاؤسز بنانے کے لیے جرمن حکومت کے خاص تعاون کی ضرورت ہے۔
جرمن سفیر نے کہا کہ ان کی حکومت خطے میں صحت، تعلیم اور توانائی کے شعبے میں بہتری کے لیے مدد کرے گی۔