• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاک-بھارت کی اہم شخصیات کا دلیپ کمار کو خراج عقیدت

شائع July 7, 2021
دلیپ کمار 7 جولائی کو خالق حقیقی سے جا ملے—فائل فوٹوز: ٹوئٹر
دلیپ کمار 7 جولائی کو خالق حقیقی سے جا ملے—فائل فوٹوز: ٹوئٹر

’شہنشاہ جذبات‘ کہلائے جانے والے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر پاکستان اور بھارت کی اہم سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات سمیت مداحوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی موت کو ایک دور کا اختتام قرار دیا ہے۔

دلیپ کمار آج ( 7 جولائی) کی صبح 98 برس کی عمر میں طویل عرصے تک علیل رہنے کے بعد ہسپتال میں وفات پاگئے۔

انہوں نے سوگواروں میں 75 سالہ بیوہ سائرہ بانو چھوڑی ہیں، ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔

بھارتی صدر، وزیر اعظم، وزار سمیت وہاں کی سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات نے دلیپ کمار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعائیں بھی کیں جب کہ پاکستانی سیاسی، سماجی، اسپورٹس و شوبز شخصیات نے بھی ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنی ٹوئٹ میں دلیپ کمار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال کو ایک دور اور ادارے کے اختتام سے تشبیح دی۔

امیتابھ بچن نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ جب بھی بھارتی سینما کی تاریخ لکھی جائے گی، اسے دلیپ کمار سے پہلے اور بعد کے تناظر میں لکھا جائے گا۔

انہوں نے شہنشاہ جذبات کے انتقال پر مغفرت کی دعا کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

سینیئر اداکار انوپم کھیر نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں لیجنڈری قرار دیا اور لکھا کہ صرف ان کے قریب بیٹھنے سے ہی کئی اداکار ایکٹنگ سیکھ سکتے تھے۔

انہوں نے ٹوئٹ کے ساتھ اپنی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے دلیپ کمار کے ساتھ گزارے گئے وقت سمیت ان کے چلے جانے سے بھارتی سینما میں پیدا ہونے والے خلا پر بھی بات کی۔

انیل کپور نے دلیپ کمار کے ساتھ کی گئی فلموں کے مناظر کی تصاویر شیئر کیں اور ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

انیل کپور نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آج ہماری دنیا کی روشنی مدھم پڑ گئی، کیوں کہ آج ہمارا ایک ستارہ ہم سے الگ ہوگیا۔

بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان نے دلیپ کمار کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بولی وڈ نے شہنشاہ جذبات جیسا اداکار دیکھا نہ دیکھے گا۔

بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار نے بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور لکھا کہ اگرچہ دنیا کے لیے اداکار ہیرو ہو سکتے ہیں مگر اداکاروں کے لیے دلیپ کمار ہیرو تھے۔

ورسٹائل اداکار اجے دیوگن نے بھی دلیپ کمار کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

اداکارہ جیکولین فرنانڈس نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

بھارتی شخصیات سمیت پاکستانی شوبز، اسپورٹس و سیاسی شخصیات نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی نے دلیپ کمار کی برصغیر کے نامور سیاست دان باچا خان کے ساتھ پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور بتایاکہ شہنشاہ جذبات کی پیدائش پشاور میں ہوئی تھی۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن اسمبلی ناز بلوچ نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

اداکارہ ریما نے دلیپ کمار کے ساتھ اپنی پرانی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کے انتقال پر نہ صرف گہرے دکھ کا اظہار کیا بلکہ انہیں خراج عقید بھی پیش کیا۔

ریما نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ شوبز کی دنیا دلیپ کمار کے انتقال کی خبر سن کر صدمے میں ہے۔

سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے بھی ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہم سب کو اللہ نے پیدا کیا اور ہم سب کق اسی کے پاس لوٹ کر جانا ہے۔

اداکار عمران عباس نے بھی دلیپ کمار اور سائرہ بانو کے ساتھ اپنی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے شہنشاہ جذبات کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024