• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

علی ظفر کی ہم اسٹائل ایوارڈز کی میزبانی پر میشا شفیع نالاں

شائع July 6, 2021
گلوکارہ نے ایوارڈ انتظامیہ سے اپیل کی کہ انہیں اب نامزد کرنا بند کیا جائے—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ نے ایوارڈ انتظامیہ سے اپیل کی کہ انہیں اب نامزد کرنا بند کیا جائے—فوٹو: انسٹاگرام

گلوکارہ میشا شفیع نے حال ہی میں ہونے والے معروف ہم اسٹائل ایوارڈز شو کی تقریب کی میزبانی علی ظفر کو دیے جانے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مذکورہ شو میں نامزد نہ کیا جائے۔

پانچویں ہم اسٹائل ایوارڈز شو کی تقریب 4 جولائی کی شب پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہوئی تھی، جس میں علی ظفر اور عروہ حسین نے میزبانی کے فرائض سر انجام دیے تھے۔

مذکورہ ایوارڈز تقریب میں علی ظفر نے اداکارہ علیزے شاہ کے ساتھ گیتوں پر پرفارمنس بھی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ہم اسٹائل ایوارڈز: بلال اشرف اور مایا علی بڑے ایوارڈ لے اڑے

تاہم علی ظفر کو میزبانی کے لیے منتخب کیے جانے پر گلوکارہ میشا شفیع نے شو انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے ان سے گزارش کی کہ انہیں ایوارڈ کے لیے نامزد نہ کیا جائے۔

میشا شفیع نے ایوارڈ تقریب ہوجانے اور ایوارڈ شخصیات میں تقسیم کیے جانے کے بعد 5 جولائی کو اپنی ٹوئٹ میں ہم اسٹائل ایوارڈز انتظامیہ سے اپیل کی کہ انہیں کسی بھی ایوارڈ کے لیے نامزد نہ کیا جائے۔

میشا شفیع نے ایوارڈز تقریب کے بعد ٹوئٹ کی—اسکرین شاٹ
میشا شفیع نے ایوارڈز تقریب کے بعد ٹوئٹ کی—اسکرین شاٹ

میشا شفیع نے اپنی ٹوئٹ میں ہاتھ باندھے جانے کی ایموجی استعمال کرتے ہوئے ایوارڈز انتظامیہ سے اپیل کی کہ انہیں کسی بھی ایوارڈ کے لیے نامزد نہ کیا جائے۔

گلوکارہ نے اپنی ٹوئٹ میں ہم اسٹائل ایوارڈز کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ انہوں نے جنسی ہراسانی کے الزامات میں ملوث شخص کو میزبانی کے فرائض نبھانے کی ذمہ داری دی۔

میشا شفیع نے لکھا کہ ہراسانی کرنے والے افراد کو سپورٹ کرنا اور انہیں میزبانی کی ذمہ داری دینے کی خبریں اب پرانی بن چکی ہیں اور انہیں یہ سن کو کوئی افسوس نہیں ہوا۔

اگرچہ اداکارہ نے ایوارڈ انتظامیہ سے اپیل کی کہ انہیں ایوارڈ کے لیے نامزد کرنا بند کیا جائے لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیاکہ انہیں رواں برس کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا یا نہیں؟

ماضی میں میشا شفیع ہم اسٹائل ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کرتی رہی ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے شرکت نہیں کی اور شو کے بعد علی ظفر کی میزبانی پر انہوں نے تنقید کی۔

میشا شفیع کی ٹوئٹ کو کئی افراد نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کے خیال سے اتفاق کیا لیکن بعض افراد نے گلوکارہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور انہیں طعنے دیے کہ وہ صرف ٹوئٹر پر ایسی باتیں کرتی ہیں جب کہ علی ظفر اور ان کے درمیان عدالت میں چلنے والے کیس میں پیش نہیں ہوتیں۔

اس وقت علی ظفر اور میشا شفیع کے درمیان لاہور کی سیشن کورٹ میں ہتک عزت کا کیس زیر سماعت ہے جو گزشتہ دو سال سے عدالت میں چل رہا ہے۔

مذکورہ کیس علی ظفر نے گلوکارہ کے خلاف اس وقت دائر کیا تھا جب کہ میشا شفیع نے ان پر اپریل 2018 میں اپنی ایک ٹوئٹ میں جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا، جسے علی ظفر نے مسترد کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: ہم اسٹائل ایوارڈز کے ریڈ کارپٹ پر اداکاراؤں کے جلوے

بعد ازاں علی ظفر نے جھوٹا الزام لگانے پر میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا، جس کی درجنوں سماعتیں ہوچکی ہیں مگر تاحال اس کا فیصلہ نہیں ہوسکا اور ابھی واضح نہیں کہ مذکورہ کیس کب تک چلے گا۔

اسی کیس میں علی ظفر اور اس کے گواہوں نے بیانات ریکارڈ کروا دیے ہیں، اب میشا شفیع کے گواہوں کے بیانات قلم بند ہونا باقی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024