• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیر کھیل کو رشوت کی پیشکش پر سری لنکا کرکٹ کے اہم عہدیدار پر پابندی عائد

شائع July 6, 2021
سابق پرفارمنس تجزیہ کار سنتھ جیا سندرا نے ایک انٹرنیشنل میچ پر اثرانداز ہونے کے لیے وزیر کھیل کو رشوت کی پیشکش کی تھی— فائل فوٹو: آئی سی سی
سابق پرفارمنس تجزیہ کار سنتھ جیا سندرا نے ایک انٹرنیشنل میچ پر اثرانداز ہونے کے لیے وزیر کھیل کو رشوت کی پیشکش کی تھی— فائل فوٹو: آئی سی سی

سری لنکن کرکٹ کی ساکھ کو بڑا دھچکا لگا ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکن وزیر کھیل کو رشوت کی پیشکش پر ایک عہدیدار پر 7 سال کی پابندی عائد کردی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آئی سی سی نے کہا کہ اس نے سری لنکا کرکٹ کے سابق پرفارمنس تجزیہ کار سنتھ جیا سندرا پر پابندی عائد کردی ہے کیونکہ انہوں نے ایک انٹرنیشنل میچ پر اثرانداز ہونے کے لیے وزیر کھیل ہرین فرنینڈو کو رقم کی پیش کش کی تھی۔

مزید پڑھیں: سری لنکا کرپشن پر آئی سی سی کی تحقیقات میں مدد کیلئے تیار

آئی سی سی کے انسداد کرپشن کے چیف ایلکس مارشل نے ایک بیان میں کہا کہ جیاسندرا کی جانب سے وزیر کو رشوت دینے کی کوشش ایک بہت بڑا جرم ہے جبکہ سب سے بڑی افسوسناک بات یہ ہے کہ اس جرم پر کوئی پچھتاوا نہیں اور انہوں نے اسے چھپانے کی کوشش کی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ہم اپنے کھیل میں بدعنوان عناصر اور رویوں کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے اور میری ٹیم اس طرح کے رویوں کی روک تھام کے لیے سخت جدوجہد کرے گی۔

جیاسندرا پر ایک بین الاقوامی میچ پر ناجائز طریقے سے اثر انداز ہونے کے لیے رشوت کی پیشکش اور تحقیقات میں تاخیر کا الزام ثابت ہوا۔

یہ رشوت 2018 میں پیش کی گئی تھی جب ہرین فرنینڈو نے کہا تھا کہ آئی سی سی سری لنکا کو کرکٹ بدعنوانی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بدترین ملک مانتی ہے۔

اس سے قبل ٹی20 کرکٹر بھنوکا راجا پکسے کو انٹرویو میں سری لنکن بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنانے پر 5 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا اور پابندی بھی عائد کی گئی تاہم بعد میں پابندی کو معطل کردیا گیا۔

سری لنکا کرکٹ نے کہا کہ 29 سالہ راجاپکسے نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقامی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو انٹرویو دیے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکن کرکٹ دنیا میں سب سے کرپٹ قرار

راجا پکسے پر پابندی عائد کی گئی لیکن اسے دو سال کے لیے معطل کرتے ہوئے انہیں 13 جولائی سے بھارت کے خلاف شروع ہونے والی سیریز کے لیے ایک ٹریننگ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

راجاپکسے نے گزشتہ ماہ انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں غیرمنصفانہ طور پر صرف انگلینڈ کے دورے کے لیے ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔

انہوں نے اپنا پہلا ٹی20 اکتوبر 2019 میں پاکستان کے خلاف اور اپنا آخری میچ جنوری 2020 میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024