• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

عائشہ عمر اپنے بچوں کی کیسی تربیت کرنا چاہتی ہیں؟ اداکارہ نے بتا دیا

شائع July 5, 2021
عائشہ عمر کے مطابق ان کے بیٹے نرم دل اور دوسروں کا خیال رکھنے والے ہوں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
عائشہ عمر کے مطابق ان کے بیٹے نرم دل اور دوسروں کا خیال رکھنے والے ہوں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ عائشہ عمر نے موجودہ حالات میں والدین کی جانب سے بچوں کی تربیت کو دیکھتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بچے آج کل کے بچوں سے مختلف ہوں گے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ ان کے مستقبل کے بچے اگر بیٹے ہوں گے تو آج کل کے لڑکوں سے کافی تبدیل ہوں گے اور وہ ان کی منفرد انداز میں تربیت کریں گی۔

اداکارہ نے اسٹوری میں لکھا کہ ان کے مستقبل کے بیٹے سنجیدہ، نرم مزاج اور دوسروں کا احترام کرنے والے ہوں گے۔

عائشہ عمر نے لکھا کہ وہ اپنے بیٹے کی اس طرح پرورش کریں گی کہ وہ خود ایک ماں کی طرح اپنی اولاد کی پرورش کریں گے اور ساتھ ہی انہیں اس بات کا پابند بنائیں گی کہ وہ اپنے ہر عمل کا حساب دیں۔

لڑکوں کو لڑکیوں کی عزت کرنی چاہیے، اداکارہ—اسکرین شاٹ
لڑکوں کو لڑکیوں کی عزت کرنی چاہیے، اداکارہ—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے لکھا کہ ان کا بیٹا لڑکیوں کی عزت کرنے والا ہوگا جب کہ وہ بیٹے کو اظہار کرنا، محبت کرنا اور دوسروں سے محبت و عزت سے پیش آنا بھی سکھائیں گی۔

عائشہ عمر نے لکھا کہ ان کے بیٹے، آج کل کے بیٹوں یا دنیا کی بتائی اور سکھائی گئی رسموں سے بالکل مختلف ہوں گے، ان کے بیٹے روایتی مرد حضرات کی طرح نہیں ہوں گے۔

اداکارہ کی جانب سے بیٹوں کی منفرد تربیت سے متعلق اسٹوری شیئر کیے جانے پر کئی لوگوں نے ان کی تعریف بھی کی۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے عائشہ عمر نے ٹی وی ون کے ’دی مزیدار شو‘ کے ایک سیگمنٹ میں شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کسی انسان کی پہلی شادی کچھ وجوہات کی وجہ سے ناکام ہوجائے تو اسے دوسری شادی کرلینی چاہیے۔

عائشہ عمر نے مذکورہ سیگمنٹ میں کہا تھا کہ وہ پسند کی شادی کے حق میں ہے اور وہ اس بات کی بھی حامی ہیں کہ اگر پہلی شادی بعض وجوہات کی وجہ سے ناکام ہوجائے تو انسان کو دوسری شادی بھی کرلینی چاہیے۔

اداکارہ نے کہا تھا کہ یہ پتھر پر لکیر کی طرح نہیں ہے کہ ایک ہی شادی میں رہنا اور اذیت برداشت کرتے رہنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ابھی شادی کی طلب نہیں، جب ہوگی تو کرلوں گی، عائشہ عمر

یاد رہے کہ عائشہ عمر غیر شادی شدہ ہیں اور انہوں نے گزشتہ برس مئی میں شادی سے متعلق 'ٹو بی آنیسٹ' شو میں بھی کھل کر بات کی تھی اور کہا تھا کہ ابھی انہیں شادی کی ضرورت نہیں ہے جب انہیں ضرورت ہوگی تب شادی کرلیں گی۔

مذکورہ شو میں عائشہ عمر نے کہا تھا کہ یہ صرف ہمارے معاشرے کی سوچ ہے کہ شادی زندگی کو سنوارتی ہے لیکن درحقیقت شادی تو زندگی ختم کردیتی ہے۔

اداکارہ نے کہا تھا کہ دراصل اس لیے شادی کرتے ہیں کیوں کہ انہیں بچے چاہیے ہوتے ہیں اور انہیں خاندان کو آگے بڑھانا ہوتا ہے لیکن چوں کہ ابھی وہ خود 'بچی' ہیں تو ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں اور جب انہیں ضرورت پڑی تو شادی کرلیں گی۔

تاہم اب انہوں نے شادی سے متعلق کوئی اعلان یا اشارہ دیے بغیر ہی مستقبل کے بچوں سے متعلق بات کی ہے اور بتایا ہے کہ وہ اپنے بیٹوں کی منفرد تربیت کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024