بلاول بھٹو کا آئندہ چند روز میں امریکا کے دورے کا امکان
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا آئندہ چند روز میں امریکا کا دورہ متوقع ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ’آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ نجی یا تعلیمی دورہ ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری 10 جولائی کے بعد امریکا روانہ ہوں گے۔
مزید پڑھیں: قومی اسمبلی کا اجلاس: شاہ محمود، بلاول بھٹو کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ
پیپلز پارٹی کی انفارمیشن سیکریٹری اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے دورہ امریکا پر ’پریشان‘ ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ’کٹھ پتلی حکمران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکا سے پریشان ہیں اور فواد چوہدری، شہباز گل اور فرخ حبیب جیسے ترجمان پریشان ہیں کہ ان کے قائد عمران خان سفارتی استثنیٰ کے بغیر امریکا نہیں جاسکتے کیونکہ امریکی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات ان کا مقدر ہیں‘۔
دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ 5 جولائی کو پاکستان کی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’فوجی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سربراہی میں جمہوری طور پر منتخب لوگوں کی حکومت کا تختہ پلٹ دیا تھا جس کی سربراہی ایک آمر جنرل ضیاالحق نے کی اور اس سے پاکستانی عوام کی جمہوری امنگوں پر بہیمانہ حملہ کیا‘۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ ’کیا بلاول اپنے والد کی طرح اقتدار کی اگلی باری لینے واشنگٹن پہنچ رہے ہیں؟ کیا عرضی یہ ہے کہ اگر آپ ہمیں حکومت میں لائیں تو بھلے اڈے مانگیں یا ڈرون اٹیک کریں ہم آپ سے نہیں پوچھیں گے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’بلاول کو شاید پتا نہیں کہ وقت، دنیا اور پاکستان اب بدل چکا ہے‘۔