سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فولڈ ایبل فونز کی تاریخ رونمائی سامنے آگئی
سام سنگ کے نئے فولڈ ایبل فونز گلیکسی زی فلپ 3، گلیکسی زی فولڈ 3، گلیکسی واچ 4 سیریز اور گلیکسی بڈز اگست میں متعارف کرائے جائیں گے۔
سام سنگ کی جانب سے نئی ڈیوائسز کو پیش کرنے کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
سام سنگ کا یہ ایونٹ 11 اگست کو ہوگا جسے گلیکسی ان پیکڈ کا نام دیا گیا ہے۔
ایونٹ کے دعوت نامے میں زی فولڈ 3، زی فلپ 3، بڈز 2 اور واچ 4 کے پیش ٹیگ سے عندیہ ملتا ہے کہ ان کو متعارف کرایا جائے گا۔
یہ نئے فونز گلیکسی نوٹ سیریز کی جگہ متعارف کرائے جائیں گے کیونکہ کمپنی نے پہلے ہی عندیہ دیا تھا کہ اس سال نوٹ سیریز کو پیش نہیں کیا جائے گا۔
اس سال نوٹ سیریز کی جگہ زی فلپ 3 اور زی فولڈ 3 فلیگ شپ ڈیوائسز کی شکل میں پیش کیے جائیں گے۔
مختلف لیکس کے مطابق ان میں گلیکسی زی فولڈ 3 کمپنی کا پہلا فون ہوگا جس میں سیلفی کیمرا ڈسپلے کے اندر چھپا ہوگا۔
اس فون میں 6.2 انچ کا سپر امولیڈ انفٹنی او کور ڈسپلے اور 7.5 انچ کا سپر امولیڈ فولڈ ایبل ڈسپلے موجود ہوگا۔
فون میں ایک 10 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں ہوگا جبکہ 16 میگا پکسل سیلفی کیمرے کو فولڈ ایبل اسکرین کے اندر چھپایا جائے گا۔
یہ فون اسنیپ ڈراگون 88 پراسیسر سے لیس ہوگا جس کے ساتھ 12 سے 16 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج موجود ہوگی۔
فون میں اسٹیریو اسپیکرز، واٹر اینڈ ڈسٹ ریزیزٹنس، 5 جی، وائی فائی 6 ای، بلیوٹوتھ 5.0، یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ اور 4500 ایم اے ایچ بیٹری جیسے فیچرز ہوسکتے ہیں۔
اس کے مقابلے میں زی فلپ میں 6.7 انچ کا فولڈ ایبل سپر امولیڈ انفٹنی او ڈسپلے موجود ہوگا گلیکسی زی فلپ سے زیادہ بڑا ہے جبکہ کور ڈسپلے 1.83 انچ کا ہوگا۔
فون میں 12، 12 میگا پکسل کا ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہوگا جبکہ ایک 10 میگا پکسل سیلفی کیمرا ہوسکتا ہے۔
اس فون میں بھی اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر موجود ہوگا جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج دی جائے گی۔
دیگر فیچرز میں 5 جی، وائی فائی 6، بلیوٹوتھ 5.0، یو ایس بی ٹائپ سی، 3300 ایم اے ایچ بیٹری، 15 واٹ فاسٹ چارجنگ اور وائرلیس چارجنگ قابل ذکر ہوں گے۔