• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

موقع ملا تو کے پی کو پنجاب سے آگے لے کر جائیں گے، شہباز شریف

شائع July 4, 2021
—فوٹو: ڈان نیوز
—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سوات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب میں کہا کہ موقع ملا تو خیبر پختونخوا (کے پی) کو پنجاب سے آگے لے کر جائیں گے۔

سوات میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے سوات کے عوام کو سلام ہو اور میں آپ کو یہ بتانے آیا ہوں کہ نواز شریف کی قیادت میں 2013 کے بعد دن رات محنت سے 24 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی۔

مزید پڑھیں: ملک میں بجلی کا 8 ہزار میگا واٹ کا شارٹ فال بدستور برقرار

انہوں نے کہا کہ میرے کانوں میں عمران خان کے وہ الفاظ گونجتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں ساڑھے 300 منی ڈیم بنا کر صرف خیبرپختونخوا میں نہیں بلکہ پورے پاکستان کو سستی بجلی فراہم کروں گا اور پھر کیا ہوا؟

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 2018 تک 14 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کرکے 20،20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی لیکن یہ حکومت آئی اور آج سستی بجلی تو دور کی بات مہنگی بجلی بھی دستیاب نہیں ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جس شخص نے کہا تھا کہ 90 دنوں میں کرپشن ختم کردوں گا، اگر روپے کی قیمت ڈالر کے مقابلے میں گرتی ہے تو سمجھیں وہ وزیراعظم چور ہے۔

عوام کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ سوات کے لوگو آپ تو بڑے روایات اور احترام کرنے والے لوگ ہیں، آپ بڑی عزت سے گفتگو کرتے ہیں لیکن کس عمران خان نیازی کو آپ لے کر آگئے جنہوں نے ان روایات کو پامال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اسمبلی میں اہم اجلاس ہوتے ہیں، چاہے وہ کشمیر، فلسطین، مہنگائی اور جوہری طاقت کے معاملات پر ہو تو عمران خان نیازی کی سیٹ اسی طرح خالی ہوتی ہے جس طرح غریب کی جیب خالی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہے وہ سچ جس نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کردیا ہے، آج مہنگائی آسمان سے بات کررہی ہے، تاریخ میں اتنی زیادہ مہنگائی کبھی نہیں ہوئی، کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے آگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ غریب لوگوں کو 50 لاکھ گھر بنا کر دیں گے، تو ایک اینٹ بھی مہیا نہیں کی، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا کہنا تھا لیکن لاکھوں لوگ بے روزگار ہوگئے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ 2013 سے 2018 تک اس نے عظیم دعوے کیے کہ خیبر پختونخوا میں غربت اور بے روزگاری ختم کردی اور میں لاہور میں یہی سمجھتا تھا کہ انہوں نے کے پی میں نجانے کیا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بالآخر پتا چلا کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی چھتیں ٹپکتی ہیں، پھر پتا چلا آکسیجن نہ ہونے پر پشاور کے ہسپتال میں مریض دم توڑ گئے، پھر پتا لگا کہ ڈاکٹروں کو پولیس سے پٹائی کروائی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پھر پتا لگا کہ یونیورسٹیز میں اساتذہ کے ساتھ زیادتی کی، یہ ہے نیا پاکستان، اس سے تو وہی پرانا پاکستان بہتر تھا جس میں مہنگائی نہیں تھی، لوگوں کو روٹی اور دوا ملتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:'29 جولائی کو کراچی میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا'

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں کینسر کا علاج مفت ہوتا تھا اور شہریوں کو دوا ملتی تھی، پی کے ایل آئی بنایا تھا اور کووڈ آیا تو وہاں علاج ہوا۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ یہ وہ پاکستان نہیں جو قائد اعظم نے بنایا تھا، جس کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں اور خون کے دریا عبور کیے، آج ان کی روحیں تڑپ رہی ہوں گی کہ یا اللہ یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لیے میں نے اپنا خون دیا تھا۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میں مالم جبہ جانا چاہتا ہوں مگر ڈرتا ہوں وہاں کرپشن کسی اور نے کی لیکن قومی احتساب بیورو (نیب) مجھے ایک مرتبہ پر نہ دھرلے کیونکہ نیب نیازی کو مجھے دھرنے کا شوق ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس لیے مالم جبہ نہیں جا رہا ہوں کہیں کوئی یہ نہ سمجھے کہ یہ بھی میں نے بنایا تھا لیکن میں مالم جبہ اس وقت جاؤں گا جب پاکستان میں پی ڈی ایم عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوگی۔

پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں اللہ نے اگر ہمیں موقع دیا تو ہم کے پی کو پنجاب سے آگے لے کر جائیں گے اور پاکستان کا بہترین صوبہ بنائیں گے، یہ باتیں خالی خولی نہیں ہیں بلکہ حقائق خود بولتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غربت کے خلاف، مہنگائی کے خلاف، ظلم و زیادتی کے خلاف انقلاب آنا چاہیے، اس نظام کے خلاف انقلاب آنا چاہیے، اس ملک میں انصاف کا انقلاب آنا چاہیے اور ملک کے اندر سماجی، اسلامی رفاہی ریاست کا انقلاب آنا چاہیے، اس کے بغیر یہ ملک اقوام عالم میں اپنا وجود نہ منوا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسی نکتے پر مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں پی ڈی ایم اپنے سفر کا آغاز کرچکی ہے، اس ملک میں ہر چیز موجود ہے، اللہ نے تمام قدرتی وسائل دیے ہیں لیکن کمی ایک چیز کی ہے یعنی کر گزرنے کی صلاحیت اور جذبہ ہے، اگر وہ آجائے تو پھر کوئی دریا، کوئی پہاڑ ہمارا راستہ نہیں روک سکتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں آپ کو کہنے آیا ہوں کہ وہ جو کہتا ہے نا کہ صبر کرو گھبراؤ نہیں تو گھبراؤ اور اس کو بھگاؤ، اس کے بغیر گزارا نہیں ہے، کہتے ہیں مسئلہ کشمیر حل ہوجائے تو ایٹمی طاقت کی ضرورت نہیں ہے، ایٹمی طاقت تو پاکستان کا دفاع ہے، دشمن اس کی وجہ سے ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نیازی کہتا ہے ہمیں ایٹمی طاقت کی ضرورت نہیں رہے گی، ایک دن کہتے ہیں بھارت سے کپاس منگواؤ اور اگلے دن کہتے ہیں نہیں منگواؤ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی اور اس کی ٹیم نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف زہر گھولا اور آج اس کی تعریف کرتے تھکتے نہیں ہیں۔

وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کیسا شخص ہے جو دن رات غلط بیان، دروغ گوئی اور یوٹرن مارتا ہے، اگر آپ چاہتے ہیں کہ وہ آپ کی تقدیر کے ساتھ مزید نہ کھیلے تو پھر آپ کو خود اپنی تقدیر بدلنا ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024